ترک صدر کی اسرائیل کیخلاف اسلامی اتحاد تشکیل دینے کی تجویز
استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کی کارروائیوں کو توسیع پسندانہ خطرات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف ایک اتحاد تشکیل دینا چاہیے ۔
انہوں نے استنبول میں اسلامک سکولز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے تکبر، غنڈہ گردی اور اسرائیلی دہشت گردی کو صرف ایک اقدام اسلامی ممالک کے اتحاد سے روکا جا سکتا ہے ۔ ترکیہ کے مصر اور شام کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے حالیہ اقدامات کا مقصد اس طرح کے توسیع پسندانہ خطرات کے خلاف اتحاد ہے ۔ترک صدر نے اسرائیل کو لبنان اور شام کے لیے بھی خطرہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور چند دیگر اسلامی ممالک میں یہ غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ یہ تنازع ان سے مخفی ہے ، جو ان کی بڑی غلطی ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل صرف غزہ میں نہیں رکے اور اگر اس کی موجودہ کارروائیاں جاری رہتی ہیں تو وہ مقبوضہ رملہ کا رخ کرے گا اور اس کے بعد اس کی نظریں دوسرے خطوں پر ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ لبنان اور شام اس کا اگلا ہدف ہوں گے ، ان کی خواہش ہمارے مادر وطن کے تغریز اور فرات کے درمیان علاقوں کے حصول کی ہوگی۔طیب اردوان نے کہا کہ حماس صرف غزہ کی جنگ نہیں لڑ رہی ہے بلکہ پوری اسلامی دنیا بشمول ترکیہ کی جنگ لڑ رہی ہے ۔