غزہ ،لبنان:اسرائیلی حملے ،71شہید ، امریکا کی یمن پر بمباری

 غزہ ،لبنان:اسرائیلی حملے ،71شہید ، امریکا کی یمن پر بمباری

غزہ ،بیروت،صنعا(اے ایف پی،رائٹرز) غزہ،مغربی کنارے اور لبنان پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 71افراد شہید ،300سے زائد زخمی ہو گئے ۔

دوسری جانب امریکا نے حدیدہ ایئرپورٹ سمیت یمن کے 3شہروں صنعا،ذمار ،بندرگاہی شہر حدیدہ پر بمباری کی ،حملوں میں نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کا کہنا تھا حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 15 اہداف پر حملے کیے ۔حزب اللہ کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا شہید سربراہ حسن نصراللہ کو خفیہ مقام پر عارضی طور پر سپرد خاک کر دیا گیا ۔ حزب اللہ نے کہا ہے کہ جمعہ کو دو بار جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا اور گولہ باری کی ۔ دشمن کے فوجی دستے کو توپ خانے کے گولوں اور ایک راکٹ سلوو سے نشانہ بنایا۔ لبنان نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 37 افراد شہید ،151زخمی ہو گئے ۔صحت ایمرجنسی سروس کے 11 اہلکار بھی اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے ،دیگر مقامات پر دو حملوں میں چار افراد مارے گئے ۔

لبنانی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا مسنا بارڈر کراسنگ کے قریب اسرائیلی بمباری سے لبنان سے شام جانے والا زمینی راستہ منقطع ہو گیا۔لبنان کے تین ہسپتالوں نے اسرائیلی بمباری کے باعث کام معطل کرنے کا اعلان کیا۔ سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق بمباری کی وجہ سے عمارتوں کو بڑا نقصان پہنچا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز بیروت کے دورے کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ ایران لبنان کے دوستوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور رہے گا۔گولان ہائٹس بیس پر عراقی ملیشیا کے ڈرون حملے میں 2اسرائیلی فوجی ہلاک، 24 زخمی ہو گئے ،آئی ڈی ایف کا کہنا تھا دو بارود سے بھرے ڈرون عراق سے داغے گئے جن میں سے ایک کو فضائی دفاع کے ذریعے مار گرایا گیا ، دوسرے نے شمالی گولان کی پہاڑیوں میں ایک فوجی اڈے کو متاثر کیا۔اسرائیلی حکام کا کہنا تھا تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ دوسرے ڈرون کا بروقت پتہ لگانے میں بظاہر ناکامی ہوئی ، الرٹس کو فعال نہیں کیا گیا،پناہ تلاش کرنے کا وقت نہیں تھا،آئی ڈی ایف اس بات کی تحقیقات کر رہا تھا کہ سائرن کیوں نہیں بج رہے تھے ۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان کی لڑائی میں حزب اللہ کے 250 جنگجو مارے گئے ہیں جن میں سے 21 کمانڈر تھے ۔گزشتہ 24گھنٹے میں اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 14افراد شہید ،50سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر2023سے جاری صیہونی حملوں میں ابتک 41ہزار802فلسطینی شہید ،96ہزار 844زخمی ہو چکے ۔علاوہ ازیں اسرائیل کا 20 سال بعد پہلی بار فائٹر جیٹ سے مغربی کنارے میں طولکرم پناہ گزیں کیمپ پر حملہ، 20 فلسطینی شہید، کئی زخمی ہو گئے ،حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شہید ہوئے جن میں خاتون، ان کے دو بچے اور بھائی شامل ہے ۔

ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز تھا،ہم اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے ، نہ ہی جلدی کریں گے ۔ انہوں نے گزشتہ روز 5 سال بعد تہران میں نماز جمعہ کاخطبہ دیا اور امامت کرائی، ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے خامنہ ای کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی ۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلمان قوموں کو افغانستان سے یمن، ایران سے غزہ اور لبنان تک دفاعی لائن بنانا ہوگی، مسلمان متحد ہو جائیں تو دشمنوں پر قابو پا سکتے ہیں۔ ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ہم سب کا دشمن ایک ہے اور اس کی پالیسی مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کی ہے جس طرح 7 اکتوبر کاحملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر حملہ جائز ہے ، ضرورت ہوئی تو مستقبل میں بھی کارروائی کریں گے ۔ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل کے تحفظ پر امریکی توجہ خطے کے وسائل پر قبضے کی پالیسی کا حصہ ہے ، اسرائیل کو خطے سے یورپ تک توانائی کی برآمد کا راستہ بنانا مقصد ہے ، مزاحمت پیچھے نہیں ہٹے گی اور نہ ہی اسرائیل کبھی بھی حزب اللہ اور حماس پر فتح یاب ہو پائے گا۔اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے ۔العربیہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت ٹرانسپورٹ اینڈ پبلک ورکس کے ذرائع نے بتایا کہ بیروت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے کے باہر اسرائیل نے فضائی حملے کیے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے رائٹرز کو اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے آیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں