فلسطین کیخلاف جنگ کا ایک سال : اسرائیل کیخلاف دنیا بھر میں مظاہرے، کراچی میں غزہ مارچ

فلسطین کیخلاف جنگ کا ایک سال : اسرائیل کیخلاف دنیا بھر میں مظاہرے، کراچی میں غزہ مارچ

غزہ، یروشلم، بیروت(اے ایف پی،رائٹرز،اے پی)غزہ جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر اسرائیلی مظالم کیخلاف ہزاروں مظاہرین نے دنیا بھر کے شہروں میں مارچ کیا اور غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ واشنگٹن میں ایک ہزار سے زائد مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیار اور امداد بند کردے۔ مظاہرے میں ایک شخص نے خود کو آگ لگا دی تاہم پولیس نے شعلوں کو بجھا دیا۔ علاوہ ازیں ہزاروں فلسطینی حامی یورپ، افریقا، آسٹریلیا اور امریکا کے مختلف شہروں میں جمع ہوئے اور غزہ تنازع کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ اٹلی میں درجنوں مظاہرین نے پولیس پر بوتلیں اور پٹاخے پھینکے، ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ دو مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا، برلن میں بھی سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا ،پولیس نے توہین آمیز نعرے لگانے پر 26 افراد کوگرفتار کر لیا ۔لندن میں مظاہرے کے دوران 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، ڈبلن میں بھی سینکڑوں لوگ فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور نعرے لگائے ،سوئس شہر باسل میں فلسطینیوں کے حامی مظاہرے میں کئی ہزار لوگ شامل ہوئے۔ ادھر مظاہرین نے ایتھنز میں اسرائیلی سفارتخانے کی طرف مارچ کیا،جنوبی افریقا میں سینکڑوں افراد نے پارلیمنٹ کی طرف واک کرتے ہوئے اسرائیل مخالف نعرے لگا ئے۔

کراکس میں سینکڑوں افراد نے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انڈونیشیا میں اتوار کی صبح ہزاروں لوگ جکارتہ میں امریکی سفارتخانے کے باہر ریلی کیلئے جمع ہوئے ،آسٹریلیا میں بھی مظاہرین سڈنی اور دوسرے بڑے شہروں کی سڑکوں پر جمع ہوئے ، جنہوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو۔ نیو یارک، بیونس آئرس، میڈرڈ، منیلا میں بھی مظاہرے ہوئے ۔حماس نے اسرائیل پر حملے کا ایک سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو صیہونی ریاست پر حملہ درست تھا ، دشمن کے مضبوط بارڈر پر حملہ کر کے اس کے وہم کو توڑ دیا،قطر میں مقیم حماس رہنما نے ویڈیو پیغام میں کہا غزہ کے باشندے ہولناک نسل کشی او ر روزانہ قتل عام برداشت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فضائی حملوں میں بیروت دھماکوں سے گونج اٹھا۔ اسرائیلی فضائیہ نے داحیہ میں کئی طاقتور بم برسا دئیے، متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔

لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے عالمی برادری سے جنگ بندی کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی قصبہ کریات شمونہ پر 30 سے زیادہ راکٹ برسا دئیے، لبنانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں اسرائیلی حملوں میں 25 افراد شہید ، 96 زخمی ہو ئے ۔حزب اللہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی لبنان کے ایک سرحدی گاؤں میں گھسنے کی کوشش نا کام بنا دی ۔ شمالی شہر حیفہ کے قریب اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا۔اسرائیل نے اتوار کو وسطی شام میں ایک کار فیکٹری کو نشانہ بنایاتاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔جنوبی اسرائیل میں فائرنگ سے خاتون پولیس افسر ہلاک،15 زخمی ہو گئے ۔پانچ کی حالت تشویشناک ہے ،حملہ آور کو موقع پر ہی مار دیا گیا ۔اسرائیلی وزیر اعظم نے لبنان کی سرحد پر فوجیوں سے ملاقات کی اور حزب اللہ کے خلاف فتح کا عزم کیا۔ انہوں نے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ ہمارے دشمنوں کو جو ضربیں دے رہے ہیں اس سے پوری دنیا حیران ہے ، میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں،ہم ملکر لڑیں گے اور جیتیں گے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگرتہران اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی کوشش پر غور کر رہا ہے تو وہ غزہ اور بیروت کو دیکھ لے ۔ ایران ہماری کامیابیوں پر نظر ڈالے۔ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ کو تمغہ فتح سے نوازا۔سپریم لیڈر نے جنرل حاجی زادہ کو ایک خصوصی تقریب میں تمغہ فتح پہنایا۔ایرو سپیس فورس کے کمانڈر کو یہ تمغہ اسرائیل پر 200 سے زائد بیلسٹک میزائل سے حملے پر دیا جسے آپریشن ’’سچا وعدہ‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے کہا ہے کہ تہران نے ممکنہ اسرائیلی کارروائی کا جواب دینے کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے ۔ ایرانی وزیر تیل محسن پاکنزاد نے جزیرہ خرگ پر تیل کی تنصیب کا دورہ کیا اور ملازمین سے ملاقات کی۔

پاکنزاد نے کہا ہمیں ڈر نہیں ہے کہ ہمارے دشمن بحران کو بھڑکا دیں گے، تیل کی تنصیب کا دورہ معمول کے مطابق ہے۔ ادھر غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، شمالی غزہ میں بیت حنون ،بیت لاہیہ اور جبالیہ سمیت 30 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔وسطی غزہ میں البریج اور النصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی گئی، حملوں سے درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے، حملوں میں 48 سے زائد فلسطینی شہید اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے۔ اسرائیل کی جانب سے مسجد پر بمباری میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر اور اسکے 2 بیٹوں سمیت 26 فلسطینی شہید ہوگئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں اسرائیلی بمباری سے 70 افراد شہید، 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری صیہونی حملوں میں 41 ہزار 870 فلسطینی شہید، 97 ہزار 166 زخمی ہو چکے۔

کراچی (آئی این پی،این این آئی)گزشتہ روز غزہ اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کراچی نے شاہراہ فیصل پر الاقصیٰ ملین مارچ کا انعقاد کیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ، تمام مکاتب فکر نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارچ میں شرکت کی ۔ مقررین نے عالم اسلام کے حکمرانوں اور افواج پر زور دیا کہ نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل کل کسی اور ملک کو بھی نشانہ بناسکتا ہے ،مقررین نے کہا آج 7اکتوبر کو ملک بھر میں ‘‘یوم یکجہتی غزہ ’’منایا جائے گا ۔امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت فرقہ ورانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے ،اسے ناکام بنایا جائے ، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں،امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ۔

عالم اسلام کا اتحاد اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گا ۔حماس کے ترجمان خالد قدومی نے کہاکہ ایک سال سے اہل فلسطین جنگ کا شکار ہیں۔ ہزاروں کو شہید کیا گیا ۔ 10 ہزار سے زائد لاپتا اور ہزاروں زخمی ہیں۔ حماس کے مجاہدین طوفان الاقصیٰ کے نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ حماس کے مجاہدین پر عزم ہیں۔امریکا، برطانیہ، فرانس اسرائیل کی پشت پناہی کررہے ۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاکہ ہزاروں کی تعداد میں شہادتوں کے بعد بھی مجاہدین کے حوصلے پست نہیں ہوئے ۔پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثارکھوڑو نے کہاکہ ہم غزہ و لبنان میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عالم اقوام سے کہنا چاہتے ہیں کہ بے حسی ختم کرو۔ تمام پارٹیاں جمع ہوکر اسرائیل کی مخالفت کررہی ہیں۔منعم ظفر خان نے کہاکہ اہالیان کراچی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایک مرتبہ پھر کراچی کی لاج رکھی ۔ مجلس وحدت المسلمین کے علامہ باقر زیدی نے کہاکہ حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے لیکن جھکے نہیں۔

اہل غزہ و فلسطین کے عوام استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ حماس کے اندر جذبہ جہاد بڑھ گیا ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔ فلسطین میں انسانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ اسرائیل نے چرچوں، گرجا گھروں اور مسجدوں کو تباہ کیا ہے ۔کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ نے کہا بد قسمتی سے مسلم امہ کے حکمران سوئے ہوئے ہیں۔ غزہ کے مسلمانوں پر ایک سال سے ظلم کیا جارہا ہے ۔مارچ میں جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ممتاز حسین ،مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری وقار مہدی ، فلسطین فاؤنڈیشن کے سربراہ صابر ابو مریم ، تاجر رہنما عتیق میر،محمود حامد اور محمد اسلم نے بھی شرکت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں