حزب اللہ کا اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، بیسیوں ہلاک و زخمی: ایران پر اسرائیلی حملے کی تیاری ہدف کا تعین کرلیا : امریکا
بیروت،یروشلم،غزہ،واشنگٹن(اے ایف پی، رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک)حزب اللہ کااسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، بیسیوں ہلاک وزخمی ہوگئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے بنیامینہ میں گولانی بریگیڈ کے کیمپ کو ڈرون سے نشانہ بنایا جس میں بیسیوں ہلاک اور کم ازکم 90 افراد زخمی ہوگئے، متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ایک بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ اس نے اتوار کی شام حیفا شہر کے جنوب میں اسرائیلی فوجی تربیتی اڈے پر ڈرون حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر دشمن کا نقصان ہوا ،اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق اسرائیل کا ایئر ٖڈیفنس سسٹم حزب اللہ کے ڈرون کا سراغ لگا کر اسے تباہ کرنے میں ناکام رہا، ڈرون کا نشانہ ایک فوجی بیس تھی جسے کامیابی کے ساتھ بغیر پائلٹ طیارے کے میزائل سے نشانہ بنایا گیا جو بعد میں دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ریڈیو کے مطابق حزب اللہ اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام کو چکما دینے میں کامیاب رہا کیونکہ پہلے میزائل کی ایک کھیپ یکبارگی فائر کی گئی جس سے ایئر ڈیفنس سسٹم ناکارہ ہو کر رہ گیا جس کی وجہ سے ڈرون کی نشاندہی ممکن نہیں ہو سکی ، ڈرون نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد ہلاک و زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے اسرائیلی فوج پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔ متعدد وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملے کے مقام پر بڑی تعداد میں ایمبولنسز موجود ہیں جبکہ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی بھی متواتر پروازیں جاری ہیں۔ حملے کے بعد اطراف کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔دوسری جانب اسرائیل اور امریکا کی ایران پر حملے کی تیاری جاری ہے۔
ایرانی حملوں سے بچاؤ کیلئے میزائل ڈیفنس سسٹم بھی نصب کیا جا رہا ہے جبکہ امریکی صدر بائیڈن کی ہدایت پر وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے 3ہزار امریکی فوج بھی اسرائیل تعینات کرنے کی اجازت دیدی، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی بیلسٹک میزائل سے اسرائیل کو محفوظ بنانے کیلئے میزائل ڈیفنس سسٹم تھاڈ کی تنصیب جاری ہے ۔ رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں اضافی پیٹریاٹ بٹالینز تعینات کرنے کا بھی امکان ہے جبکہ خطے میں پہلے سے تعینات امریکی افواج کے تحفظ کیلئے مزید مقامات پر پیٹریاٹ بٹالینز تعینات ہوں گی۔پینٹا گون کا کہنا تھا اسرائیل نے ایران میں ہدف کا تعین کرلیا ہے۔ دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی ٹینک یو این امن فوج کی پوزیشن میں زبردستی داخل ہو گئے اور گیٹ توڑ دیا ۔اسرائیلی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی امن فوج کے اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے پر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز لبنان پر اسرائیلی بمباری میں 51افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔کئی مقامات پر صیہونی فوج اور حزب اللہ کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں،لبنان پر اسرائیلی حملے میں 100سال پرانی مسجد مکمل شہید ہو گئی ۔اتوار کو غزہ پر اسرائیلی بمباری اور ڈرون حملوں میں 5بچوں سمیت مزید 60 افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے۔
وزارت صحت کے مطابق غزہ جنگ میں اب تک کم ازکم 42ہزار227فلسطینی شہید ،98ہزار 464 زخمی ہو چکے ۔ادھرغزہ میں بمباری کیخلاف دنیا کے کئی ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ گلاسگو، آئرلینڈ، پیرس، سویڈن میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے ۔ادھر گزشتہ روز کینیڈا میں علی الصبح ایک یہودی سکول پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تاہم سکول بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ غزہ کے 27 میڈیکل طلبا اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے پاکستان روانہ ہوگئے ،قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی طلبا کا پہلا گروپ پاکستان روانہ ہوگیا ہے۔ سفارت خانے کے مطابق یہ طلبا پاکستان کے طبی اداروں میں میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم جاری رکھیں گے۔