غزہ 47،لبنان میں 25شہید،6اسرائیلی فوجی ہلاک
غزہ ،بیروت (اے ایف پی)اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملے جاری ،گزشتہ 24گھنٹے میں صیہونی بمباری سے غزہ میں 47جبکہ لبنان میں 7بچوں سمیت 25افراد شہید ہو گئے ۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق صوبہ ماونٹ میں بمباری سے 4منزلہ عمارت منہدم ہونے سے شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے متعدد مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے کہاکہ اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیاہے ۔حزب اللہ نے کہا کہ اس نے تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے ہیڈکوارٹر پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔حملے میں صیہونی فوج کا بڑے پیمانے پر نقصان یقینی ہے ۔ادھر صیہونی فوج نے امداد لینے والے بے گھر فلسطینیوں پر بھی بم گرا دئیے جبکہ ٹینکوں نے زیتون محلے اور جبالیہ کیمپ پر گولہ باری کی۔بیت المقدس میں اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران کیپٹن سمیت 6اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ۔ ایک فوجی معمولی زخمی ہوا۔ حماس کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں ابتک 43ہزار 712فلسطینی شہید ،1لاکھ3ہزار 258زخمی ہو چکے ہیں۔ حماس نے بیان میں کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ غزہ میں نسل کشی کی وحشیانہ جنگ میں اسرائیل کے ساتھ مکمل شراکت دار ہے ۔ حماس نے غزہ میں اسرائیلی یرغمالی کی ویڈیو جاری کر دی۔ویڈیو میں داڑھی والے نے شناخت ساشا تروپانوف کے نام سے کرائی اور لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں بارے عبرانی میں بات کی ،اس نے اسرائیلیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں۔