ٹرمپ کی غیر متوقع کابینہ کے انتخاب نے واشنگٹن کو جھنجوڑ دیا
واشنگٹن (اے ایف پی)ٹرمپ کی غیر متوقع کابینہ کے انتخاب نے واشنگٹن کو جھنجوڑ دیا۔ ٹرمپ کے حامی تک پریشان ہو گئے ۔سب سے بڑھ کر اٹارنی جنرل کیلئے زیر تفتیش میٹ گیٹز کو نامزد کیا ہے ۔
ایوان نمائندگان کی ایتھکس کمیٹی میٹ گیٹز کے خلاف جنسی بے ضابطگی، منشیات اور اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ اٹارنی جنرل نامزد ہوتے ہی میٹ گیٹز نے بطور رکن کانگریس استعفیٰ دے دیا، یوں اُن کے خلاف تحقیقات ختم ہو گئی ہیں۔ریپبلکن سینیٹرز لیزا مرکوسکی،سوسن کولنز و دیگر نے کہا اٹارنی جنرل گیٹز کی نامزدگی پر حیران ہیں ،سینیٹ سے توثیق بہت مشکل ہے ۔سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور ڈیموکریٹس قانون سازوں کا کہنا تھا ٹرمپ نے امریکی تاریخ کی بدترین کابینہ کا انتخاب کیا ،تجربے اور قابلیت سے زیادہ نو منتخب صدر نے صرف اپنے ساتھ وفاداری کو معیار بنایا جو کسی صورت میں بھی امریکا کیلئے بہتر ٹیم نہیں ہے ۔ بولٹن نے کہاگیٹز اپنی ہی ریپبلکن پارٹی میں بھی ناپسندیدہ شخصیت ہیں۔ ان کے پاس قانون کی ڈگری ہے لیکن انہوں نے صرف مختصر وقت کے لیے بطور وکیل کام کیا، ان کی تعیناتی حیران کن ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 78 سالہ ٹرمپ نے ایسے سیاسی فیصلے کئے جنہوں نے ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کو بھی مایوس کر دیا ہے ۔