پاکستان کو بارش سے متاثرہ پہلے ٹی 20میں شکست
برسبین(سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا نے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 29 رنر سے ہرادیا، 94 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بناسکی،گلین میکسویل مین آف دی میچ قرارپائے ۔
بارش سے متاثرہ میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 7 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے تھے ۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، پہلی وکٹ 8 رنز پر گر گئی، صاحبزادہ فرحان 4 گیندوں پر 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔مجموعی سکور میں صرف 4 کے اضافے سے پاکستان کی دوسری وکٹ 12 رنز پر گر گئی، محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔تیسری وکٹ 16 رنز پر عثمان خان کی صورت میں گری، وہ صرف 4 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے ، اسی اسکور پر چوتھی وکٹ گری، بابر اعظم 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔اس طرح پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بناسکی۔آسٹریلیا کے زیویر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلیس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میچ کے اوورز بارش کے باعث کم کردیئے گئے ،انتہائی کم اوورز کے میچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا نے تیز رفتاری کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تاہم اوپنرز کی یہ کوشش پاکستان بولرز نے ناکام بنادی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 16 اور دوسری 35 رنز پر گری، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ابتدائی وکٹیں حاصل کیں۔بعدازاں آسٹریلوی بیٹرز نے تیز بیٹنگ کی اور سکور 66 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 5.3 اوورز میں گلین میکسویل کو عباس آفریدی نے 43 رنز پر آؤٹ کیا۔ گلین میکسویل نے 19 بالز پر 43 رنز کی اننگز کھیلی ۔آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 73 رنز پر گری، ٹِم ڈیوڈ کو بھی عباس آفریدی نے آؤٹ کیااور مقررہ 7 اوورز میں آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے ۔