یوکرین کا امریکی میزائل حملہ،روس کی ایٹمی حملے کی دھمکی

یوکرین کا امریکی میزائل حملہ،روس کی ایٹمی حملے کی دھمکی

ماسکو ،کیو(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین نے روس پر امریکی ساختہ لانگ رینج میزائل داغ دئیے جس کے جواب میں روس نے ایٹمی حملے کی دھمکی دے دی ، روسی صدر ولادی میرپوٹن کا کہناہے کہ لانگ رینج میزائل کے جواب میں ایٹمی حملہ ہو گا۔۔۔

 انہوں نے یوکرائن کوملے میزائلوں پر ایٹمی ہتھیار چلانے کے اجازت نامے پر دستخط کردئیے ۔تفصیلات کے مطابق روسی حکام نے گزشتہ روز دعویٰ کیا کہ یوکرین نے پہلی بار امریکا کے فراہم کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل داغے ۔یوکرین کے ایک سینئر اہلکار نے تصدیق کی کہ برائنسک پرATACMS میزائل داغے گئے ۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے اس حملے کے بعد اپنے ملک کی جوہری ڈاکٹرائن میں بڑی تبدیلی کرلی،جس کے بعد روس یا اس کے اتحادی روایتی ہتھیاروں سے حملے کے جواب میں جوہری ہتھیار استعمال کرسکیں گے ۔نئی نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں امریکا اور یوکرین کا نام لئے بغیر کہا گیا ہے کہ اگر کسی غیر جوہری ملک نے کسی جوہری ملک کی مدد سے روس پر حملہ کیا تو یہ دونوں ممالک کا مشترکہ حملہ تصور کیا جائے گا۔ پوٹن نے امریکا اور اتحادی ملکوں کو باقاعدہ وارننگ دی ہے کہ لانگ رینج میزائل کے جواب میں ایٹمی حملہ ہو گا ۔

یوکرین کے قانون سازوں نے 2025 کے بجٹ کی منظوری دے دی جس میں 50 بلین ڈالر سے زیادہ یعنی تمام اخراجات کا 60 فیصد دفاع اور سلامتی کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔ روس نے یوکرین کے مشرقی ڈونیٹسک علاقے میں تزویراتی اہمیت کے حامل شہر کوراخوف کے قریب ایک نئے گاؤں نوووسیلیڈوکا پر قبضہ کر لیا ،یوکرین کے سرحدی علاقے سومی میں روسی ڈرون حملے میں ایک بچے سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے اورکئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں ۔ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ میں مزید اضافے کے خدشے نے سرمایہ کاروں کو خدشات میں مبتلا کردیا جس سے منگل کو یورپ اور امریکہ کی سٹاک مارکیٹس میں گراوٹ کاشکار ہوگئیں ،گزشتہ روز نیویارک 0.7،لندن 0.4،پیرس 1.4اورفرینکفرٹ سٹاک مارکیٹ 1.4فیصد گراوٹ کا شکار ہوئیں جبکہ ایشیائی مارکیٹوں ٹوکیو،ہانک کانگ اور شنگھائی میں کاروبار میں مثبت رحجان دیکھا گیا ۔ڈالر اوریورو کی قدرمیں بھی کمی دیکھنے میں آئی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں