عالمی عدالت:جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری
دی ہیگ ،غزہ ،بیروت (اے ایف پی)عالمی عدالت نے غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔
عالمی عدالت نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف معقول وجوہات ہیں کہ انہوں نے مشترکہ طور پر ان جرائم کا ارتکاب کیا،وہ قتل ، ظلم اور دیگر غیر انسانی اقدامات کے مرتکب ہوئے ۔عدالت نے کہا یقین کیا جاتا ہے کہ یہ دونوں بطور سویلین اعلیٰ حکام جنگی جرائم کے ذمہ دار ہیں ، انھوں نے ارادتاً سویلین آبادی کے خلاف حملے کی ہدایت کی۔عدالت کا کہنا ہے اسرائیلی وزیراعظم اور سابق وزیر دفاع گیلنٹ نے غزہ حملوں میں شہریوں کو نہیں بچایا، بھوک کو جنگی ہتھیار بنایا۔دوسری جانب اسرائیل نے عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ، وہ آئی سی سی کے بیہودہ اور غلط اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا اسرائیل اپنے شہریوں کے دفاع میں کوئی دباؤ نہیں لے گا۔حماس کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے وارنٹ گرفتاری اسرائیلی حکام کیخلاف انصاف کی جانب اہم قدم ہے ۔نیدرلینڈز کے وزیرخارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے عالمی عدالت کے فیصلے کے بعد کہا ہے کہ اگر نیتن یاہو ہماری سرزمین پر قدم رکھتے ہیں تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہی اصول اسرائیل کے سابق وزیردفاع یوو گیلنٹ اور حماس کے رہنما محمد ضیف ابراہیم پر لاگو ہوتا ہے ۔ یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے کہا ہے کہ آئی سی سی کا نیتن یاہو اور یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ سیاسی نہیں۔ جوزف بوریل نے کہا کہ کورٹ کے فیصلے کا احترام اور اس پر عمل ہونا چاہیے ۔
ادھر گزشتہ 24گھنٹوں میں غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 80سے زائد افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔بیسیوں لوگ لاپتا ہو گئے ۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بمباری،گولہ باری ،فائرنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار56فلسطینی شہید،1لاکھ4ہزار 268زخمی ہو چکے ۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے جمعرات کو جنوبی اسرائیل میں اشدود کے قریب ایک فوجی اڈے پر میزائل داغے ہیں ۔ اسرائیلی فوج نے انخلاکے انتباہ کے بعد جمعرات کو حزب اللہ کے جنوبی بیروت کے مضبوط گڑھ پر پے در پے حملے کئے جس میں کئی افراد شہید ہو گئے ۔اسرائیلی بمباری کی وجہ سے سڑکوں پر گڑھے بن گئے جس کے باعث لبنان اور شام کی سرحد پر کئی ٹیکسیاں پھنس گئیں۔شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ بدھ کو شام کے شہر پالمیرا میں کئے گئے اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 75ہو گئی ہے ، جن میں سے ایک تہائی سے زیادہ عراق اور لبنان کے شہری ہیں۔ادھر امریکی سینیٹ نے اسرائیل کو غزہ جنگ کے دوران اسلحے کی فروخت روکنے سے متعلق 3 بل مستردکردئیے ۔
ٹینک کے گولوں کی فروخت روکنے کا بل 18 کے مقابلے میں 79 ووٹوں سے اور مارٹرگولوں کی فروخت روکنے کا بل 19 کے مقابلے میں 78 ووٹوں سے مستردکیاگیا۔رپورٹ کے مطابق سینیٹ نے اسرائیل کوسمارٹ بم کٹس کی فراہمی روکنے کابل 17 کے مقابلے میں 80 ووٹوں سے مسترد کیا۔