عمران خان کو رہا کرو:امریکی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ کا مطالبہ
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس رچرڈ گرینیل اور متعدد ارکان پارلیمنٹ نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔
رچرڈ گرینیل نے بلوم برگ کی ایک رپورٹ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ عمران خان کو رہا کرو۔ عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے پر تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے سوشل میڈیا پر ہی رچرڈ گرینیل کا شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ رچرڈ گرینیل نیشنل انٹیلی جنس کے سابق چیف ہی نہیں رہے ہیں بلکہ وہ ٹرمپ کے معتمد خاص بھی ہیں ، ٹرمپ موجودہ کابینہ میں بھی انہیں خاص عہدہ دینے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔سابق انٹیلی جنس چیف کے ساتھ ساتھ امریکی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں اور انٹرنیٹ بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔کانگریس رکن راشدہ طیب نے کہا کہ میں پاکستان کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہوں جو بیدار ہیں اور تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انسانی حقوق کاکس کی شریک چیئر پرسن کانگریس ویمن باربرا لی نے کہا کہ اظہار رائے اور پر امن احتجاج کی آزادی پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونی چاہیے ۔ انٹرنیٹ کی بندش، سڑکیں بلاک کرنے اور سیاسی کارکنوں کو حراست میں لینے کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے ۔خاتون رکن سمرلی نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق پر کسی بھی طرح کا جبر قابل مذمت ہے ۔ کانگریس رکن بریڈ شرمین نے بھی عمران خان کے حامیوں کے پرامن احتجاج کے حق کے احترام پر زور دیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت احتجاج کرنے والوں کے حقوق کا احترام کرے ۔