مقبوضہ کشمیر :نیشنل سکیورٹی گارڈز کا مستقل کمانڈو یونٹ تعینات

مقبوضہ کشمیر :نیشنل سکیورٹی گارڈز کا مستقل کمانڈو یونٹ تعینات

جموں ،سرینگر(اے پی پی)مقبوضہ کشمیرکے جموں خطے میں بڑھتی ہوئی مسلح مزاحمت کے پیش نظربھارت نے نیشنل سکیورٹی گارڈز کا ایک مستقل کمانڈو یونٹ تعینات کر دیا ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق این ایس جی کی تعیناتی ہنگامی صورتحال پر فوری کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے تاکہ نئی دہلی یا چندی گڑھ سے کارروائی میں تاخیرکوختم کیا جائے ۔کٹھوعہ اور پونچھ جیسے علاقوں میں بڑھتی ہوئی مسلح مزاحمت سے نمٹنے میں این ایس جی بھارتی فوج اور پولیس کی مدد کریں گے ۔ادھر بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فورسز نے راجوری، پونچھ، ادھم پور، ڈوڈہ اور ریاسی اضلاع میں کارروائیاں کیں ۔ اس دوران مکینوں کو ہراساں کیاگیا ،اہم دستاویزات اورڈیجیٹل آلات ضبط کئے گئے ۔ علاوہ ازیں بھارتی پولیس نے ضلع اسلام آباد کے علاقے سری گفوارہ میں محمد امین ملک کی ایک کنال اراضی اور دو منزلہ رہائشی مکان ضبط کر لیا۔ ضبط کی جانے والی جائیداد کی مالیت 2 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں