غزہ:اسرائیلی بربریت، کئی گھر دھماکے سے اڑا دئیے، 47 شہید
غزہ، یروشلم(اے ایف پی،رائٹرز)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بربریت جاری، کئی گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا، کم از کم 47 افراد شہید، 120 سے زائد زخمی ہوگئے۔
نصیرات میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 9 افراد شہید، کئی زخمی ہوگئے۔ خان یونس میں خیمے کے کیمپ پر میزائل لگنے سے دو کمسن بچے جبکہ رفح میں فضائی حملے میں چار افراد شہید ،متعدد زخمی ہوئے ۔آئی ڈی ایف نے جبالیہ، بیت لاہیا اور بیت حنون میں مکانات کو بڑی تعداد میں دھماکے سے اڑا دیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوج نے دو افراد کو گولی مار کر شہید کردیا۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں ابتک کم ازکم 44 ہزار 429 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 5 ہزار 250 زخمی ہوچکے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر کام کر رہا ہے لیکن ابھی تک کسی قابل عمل حل تک نہیں پہنچے ،خطے کے اہم ممالک کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں ۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کے ادارے نے سکیورٹی خدشات کے باعث غزہ کیلئے امداد کی ترسیل روک دی ،انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا کہ محاصرے اور اسرائیل کی جانب سے رکاوٹوں کے باعث انسانی بنیادوں پر آپریشن ناممکن ہو گیا ۔یمن کے حوثی باغیوں نے کہا کہ اتوار کے روز وسطی اسرائیل پر ایک ہائپرسونک میزائل داغا، ادھر اسرائیل نے بھی میزائل حملے کی تصدیق کی ہے۔