لندن:10سالہ سارہ شریف قتل کیس میں پاکستانی باپ اور سوتیلی ماں مجرم قرار
لندن(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)لندن میں ایک عدالت نے 10سالہ سارہ شریف کے قتل کیس میں پاکستانی باپ اور سوتیلی ماں کو قصوروار ٹھہرا دیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران پاکستانی نژاد والد نے اپنے پہلے بیان سے مکرتے ہوئے سارہ پر تشدد کا اعتراف کر لیا۔ والد نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ دس سالہ سارہ کے ساتھ اس کی سوتیلی ماں کئی ہفتوں سے مسلسل مار پیٹ کر رہی تھی۔والد عرفان شریف نے کہا کہ سوتیلی ماں کے بہیمانہ تشدد سے ہی سارہ کی موت واقع ہوئی تھی۔جیوری نے فیصلہ سنایا کہ سارہ کے قتل میں والد عرفان شریف اور سوتیلی ماں بینش بتول سمیت چچا فیصل ملک بھی قصور وار ہیں۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ چچا فیصل ملک بچی کو تشدد سے بچا سکتے تھے لیکن انہوں نے یہ اہم ذمہ داری نہیں نبھائی۔ خیال رہے کہ سارہ کی لاش 10اگست 2023کو ووکنگ میں واقع اس کے گھر سے ملی تھی۔سارہ کی لاش ملنے سے ایک روز قبل عرفان شریف، بینش بتول اور فیصل ملک پانچ بچوں کے ہمراہ پاکستان روانہ ہو گئے تھے ۔