فلسطینیوں کو غزہ سے کوئی نہیں نکال رہا، ٹرمپ کا یوٹرن

واشنگٹن (دنیا نیوز)ٹرمپ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کوکوئی بھی غزہ سے بے دخل نہیں کررہا ۔امریکی صدر نے آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن کے ۔
ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ غزہ سے کسی فلسطینی کو کوئی نہیں نکال رہا، سینیٹ میں اقلیتوں کے لیڈر چک شومر پہلے یہودی تھے لیکن اب وہ مکمل فلسطینی بن چکے ۔ قبل ازیں صدرٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں غزہ کو امریکی ملکیت میں لینے ، فلسطینیوں کو بے دخل کرنے اور غزہ کو جدید ترین اور ماڈرن بستی کے روپ میں ڈھالنے سے متعلق منصوبے کی بات کی تھی ، عالمی برادری نے ٹرمپ کے اس منصوبے کو مسترد کردیا تھا ۔ٹرمپ کے منصوبے کے جواب میں او آئی سی اور عرب ریاستوں نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے 53 ارب ڈالر کے مصری منصوبے کی توثیق کی ۔دوسری جانب حماس نے ٹرمپ کے تازہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو جنگ بندی معاہدوں کا پابند بنا کر اس موقف کو مزید تقویت دی جائے ۔