حسن نواز برطانیہ میں ٹیکس ڈیفالٹر قرار ، 52 لاکھ پائونڈ جرمانہ

لندن(نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کو برطانیہ میں ٹیکس ڈیفالٹر قرار دیتے ہوئے 52 لاکھ پاؤنڈ (قریباًایک ارب 88کروڑ روپے )کا ٹیکس جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
برطانوی حکومت کی فہرست میں حسن نواز کو "ٹیکس ڈیفالٹر" قرار دیدیا گیا، حسن نواز نے 5 اپریل 2015 سے 6 اپریل 2016 تک تقریباً 94 لاکھ پاؤنڈ (قریباً 3ارب 41کروڑ روپے )کا ٹیکس ادا نہیں کیا۔برطانوی ٹیکس اتھارٹی نے حسن نواز پر جرمانہ عائد کیا، برطانوی حکومت نے سرکاری ویب سائٹ پر بھی تفصیلات شیئر کر دیں۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ دیوالیہ ہونے کے باوجود حسن نواز پر عائد جرمانے کی وصولی کا امکان موجود ہے ، برطانوی قوانین کے تحت قرضہ تو معاف ہو جاتا ہے لیکن ٹیکس چوری کے جرمانے دیوالیہ ہونے پر بھی معاف نہیں ہوتے ۔خیال رہے حسن نواز پہلے ہی سے اپنے خلاف ہونے والی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق ٹیکس اور جرمانوں کی وصولی کا جو طریقہ کار ہے اس میں حسن نواز کے اثاثے بھی ضبط کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم انھوں نے ایک سال قبل خود کو دیوالیہ قرار دیا تھا جس کی وجہ سے یہ عمل سست ہو سکتا ہے ۔ذرائع حسن نواز کا کہنا ہے کہ ریونیو کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے آج کے اعداد و شمار پرانی کہانی ہے ، حسن نواز نے کورٹ میں دیوالیہ پن خود ڈکلیئر کیا تھا۔حسن نواز کے ذرائع کے مطابق اب کیس کے صرف اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، معاملہ 10 سال پرانا ہے جب حسن نواز نے تمام ٹیکس جمع کرا دیا تھا۔گزشتہ برس گزٹ نے دیوالیہ ہونے کا ریکارڈ پبلش کیا جو ایچ ایم آر سی نے اب اپنی ویب سائٹ پر شیئر کیں۔ذرائع کے مطابق اپریل 2024 میں پبلش گزٹ میں حسن نواز کو ہونے والے جرمانے اور ان کے ذمہ واجب الادا 94 لاکھ پاؤنڈ کا ذکر نہیں تھا۔