غزہ : اسرائیلی بربریت ، 2 روز میں 170 بچوں ، 80 خواتین سمیت 970 شہید

غزہ  :  اسرائیلی  بربریت  ، 2  روز  میں  170  بچوں  ، 80  خواتین  سمیت  970 شہید

غزہ ،یروشلم (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے نئے حملوں کے بعد دو دنوں میں 970 افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ پیر کو دوپہر تک غزہ جنگ میں شہدا  کی مجموعی تعداد 48ہزار 577تھی ، بدھ کی دوپہر تک یہ تعداد بڑھ کر 49ہزار 547ہو گئی ہے ۔حماس نے دوست ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے امریکا پر دباؤ ڈالیں۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے جاری رکھنے کے باوجود بات چیت کے لیے تیار ہیں ۔اسرائیلی حملوں کے بعد بدھ کے روز غزہ کی سڑکوں پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔چھوٹے بچوں والے خاندان شمالی غزہ سے جنوب کے علاقوں کی طرف بھاگ گئے ۔دوسری جانب اسرائیل نے بدھ کے روز غزہ میں نئے سرے سے زمینی کارروائیوں کا اعلان کیا ہے ،وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ غزہ کے باشندو یہ آخری وارننگ ہے ۔ امریکا کے صدر کا مشورہ مان لیں۔ یرغمالیوں کو واپس کریں اور حماس کو ہٹا دیں، آپ کیلئے دوسرے آپشن کھلیں گے ۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو مکمل طور پر نیست و نابود کر دیا جائے گا،انہوں نے ایران کو حوثیوں کی امداد جاری رکھنے کے خلاف خبردار بھی کیا۔ٹرمپ نے اپنے ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر کہا کہ ایران کو فوری طور پر سپلائیز روکنا چاہیے ۔ بدھ کے روز یروشلم میں ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف نعرے لگائے ۔مظاہرین نے ان پر جمہوریت کو نقصان پہنچانے اور یرغمالیوں کی پروا کیے بغیر غزہ پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا الزام لگایا ہے ۔مظاہرین نے ، آپ ہی قصور وار ہیں،خون آپ کے ہاتھ پر ہے کے نعرے لگائے ۔ مظاہرین نے نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ وہ ملکی سیاسی خدشات سے توجہ ہٹانے کیلئے حماس کے خلاف جنگ کو استعمال کر رہے ہیں ۔واضح رہے اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے دوران پکڑے گئے 251 یرغمالیوں میں سے 58 اب بھی غزہ میں قید ہیں، جن میں سے 34 اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہو چکے ۔ اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں کے خلاف نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی جنہوں نے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کیا۔علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ غزہ پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد سامنے آنے والے مناظر خوفناک ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ حملوں میں ایک ملازم کی ہلاکت اور 6زخمیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔برطانیہ کے وزیر اعظم سٹارمر نے کہاغزہ پر اسرائیلی حملوں پر گہری تشویش ہے ۔والدین کی چھوٹے بچوں کو ہسپتالوں میں لے جانے کی تصاویرواقعی چونکا دینے والی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں