غزہ:اسرائیلی بر بریت جاری،شہدا کی تعداد50ہزار سے تجاوز
غزہ ،یروشلم(اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں7اکتوبر 2023سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں50ہزار 21فلسطینی شہید ، ایک لاکھ 13ہزار 274زخمی ہوئے ۔وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران حملوں میں 41افراد شہید اور 71زخمی ہوئے ۔
شہدا کی تعداد میں 233 ایسے افراد کا اندراج ہوا ہے جو پہلے لاپتا تھے تاہم اب ان کی شہادت کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج غزہ جنگ بندی معاہدے کو توڑتے ہوئے غزہ میں دوبارہ زمینی اور فضائی حملے شروع کرچکی ہے ۔اسرائیل نے رفح میں سلطان محلے کو گھیرے میں لے لیا، فضائی حملے میں 41 افراد شہید ،71زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج کے مطابق رفح میں تل السلطان محلے کا محاصرہ مکمل کر لیا ہے ۔ اسرائیلی فوج نے رفح میں تل السلطان محلے کو ایک خطرناک جنگی علاقہ قراردیتے ہوئے مکینوں کوفوری طور پر وہاں سے نکل جانے کا حکم دیاہے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے یمن سے آنے والے میزائل کو ناکارہ بنا دیا ۔علاوہ ازیں لبنان کا کہنا ہے کہ اتوار کو اسرائیلی حملے کے دوران ایک شخص شہید ،متعدد زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب حوثی گروپ نے الحدیدہ گورنری پر امریکی فضائی حملوں کے بعد امریکی جنگی بیڑے اور اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے ۔
گزشتہ روز اسرائیلی حملے میں حماس کے سینئر رہنما صلاح البردویل اپنی اہلیہ سمیت شہید ہوگئے ، دونوں پناہ گزین خیمے میں موجود تھے وہ فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن بھی تھے ۔ یہ حملہ خان یونس کے علاقے مواسی میں اس وقت ہوا جب البردویل اور ان کی اہلیہ رمضان کی 23ویں شب کے موقع پر نماز ادا کر رہے تھے ۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق حکومت نے غزہ پٹی سے فلسطینیوں کی رضاکارانہ روانگی کیلئے ایک خصوصی ایجنسی بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔ یہ بات اسرائیلی کابینہ کے اجلاس کے اختتام کے بعد سامنے آئی ہے ۔اسرائیلی چینل 12 نے بتایا کہ وزرا کو امیگریشن پلان کے بین الاقوامی قانون کے مطابق اس پر عمل درآمد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔یاد رہے اسرائیلی سلامتی کے وزیر سموٹریچ نے گزشتہ ہفتے کنیسٹ میں ہونے والی بات چیت کے دوران ایک امیگریشن انتظامیہ کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد غزہ کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے منصوبے کو نافذ کرنا ہے ۔