غزہ:62 شہید، آسکر ایوارڈ جیتنے والا فلسطینی گرفتار و رہا

غزہ(اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں ،بے گھر فلسطینیوں کے خیموں ،ہسپتالوں پر بمباری ، 24 گھنٹوں میں صحافی سمیت مزید 62 فلسطینی شہید ،100سے زائد زخمی ہوگئے ۔
تین روز سے رفح کا محاصرہ جاری ، ہزاروں فلسطینی محصور ہوکر رہ گئے ،ادھر مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر مظالم بے نقاب کرکے آسکر جیتنے والے فلسطینی ڈائریکٹر حمدان بلال پر نقاب پوش اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کردیا۔تشدد سے حمدان کے سر اور پیٹ پر زخم آئے ، الخلیل کے علاقے میں 5 امریکی یہودی عینی شاہدین کے مطابق فوجی وردی پہنے 15 کے قریب مسلح آباد کاروں نے حمدان پر حملہ کیا اور مارپیٹ کی، حمدان کے گھر میں گھس کر بھی تشدد کیا گیا جہاں فرش پر خون موجود تھا۔ساتھی ہدایتکار یووال ابراہم کے مطابق حمدان کو ایمبولینس میں منتقل کیا جارہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے دھاوا بول پر حمدان کو اتار لیا ، گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے تاہم رات گئے انہیں شدید زخمی حالت میں رہا کر دیا گیا ۔ ہیبرون کے ہسپتال میں انکا علاج جاری ہے ۔واضح رہے حمدان نے یہودی فلم سازوں کے ساتھ ملکر مغربی کنارے میں فلسطینی آبادیوں پر حملوں اور جبری بیدخلی کے واقعات پر ڈاکیومینٹری ’’دوسری زمین نہیں ‘‘ بنائی جسے اس سال آسکر سے نوازا گیا۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے دوبارہ حملے شروع ہونے کے بعد سے 792 افراد شہید ،1663زخمی ہو چکے ہیں ۔ادھر اسرائیلی بمباری سے جنوبی شام کے صوبہ درعا میں 6افراد جاں بحق ہو گئے ۔دمشق میں وزارت خارجہ نے بیان میں اسرائیلی حملوں کو اسکی خودمختاری کی کھلی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔