یمنی بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے ، 80جاں بحق،171زخمی

یمنی بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے ، 80جاں بحق،171زخمی

حدیدہ،صنعا(اے ایف پی)یمن میں حوثی باغیوں کے زیر انتظام بندرگاہ پر امریکی فضائی حملوں میں کم از کم 80 افراد جاں بحق اور 171زخمی ہو گئے ۔حوثی میڈیا نے بتایا ہے کہ۔۔۔

 صوبہ الحدیدہ میں واقع راس عیسیٰ بندرگاہ پر امریکی فضائی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے کیونکہ کئی لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ جاں بحق افراد میں زیادہ تر بندرگاہ کے کارکن اور ملازم شامل ہیں ۔جمعرات کو رات گئے شروع کئے گئے حملوں کی تعداد اب تک 14 ہو چکی ہے ۔ادھر امریکی مرکزی کمان کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد یمنی عوام کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ حوثیوں کی غیرقانونی آمدن کے ذرائع کو ختم کرنا ہے ۔ یہ آمدنی گزشتہ 10 برس سے پورے خطے میں دہشت گردی پھیلانے کیلئے استعمال ہو رہی ہے ۔ادھر یمنی حوثیوں نے امریکی بمباری کے بعد میزائل حملوں کا اعلان کیا ہے جبکہ حماس نے یمن پر امریکی حملے کی سخت مذمت کی ہے ۔حماس نے بیان میں کہا کہ یہ صریح جارحیت یمن کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے ۔واضح رہے مارچ کے وسط سے امریکی افواج نے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد انہیں بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارتی جہازوں پر حملوں سے باز رکھنا ہے ۔ علاوہ ازیں امریکا نے حوثیوں کی مدد سے روکنے کیلئے انٹرنیشنل بینک آف یمن پر پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں