غزہ میں مزید54شہید
غزہ (اے ایف پی،نیوز ڈیسک)غزہ کے مختلف علاقوں پر ہفتے کو اسرائیلی حملوں میں54 افراد شہید اور 100سے زائد زخمی ہو گئے۔۔
،امدادی کارکنوں کا کہنا تھا کہ شہادتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی افراد ملبے تل دب گئے ہیں ۔ اسرائیل نے خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا ۔خان یونس میں 11 افراد شہید ہوئے ۔ رفح شہر میں چار افراد شہید ہوئے جن میں ماں بیٹی بھی شامل ہیں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حملوں میں ابتک کم از کم 51 ہزار 65 افراد شہید اور ایک لاکھ 16 ہزار 505 زخمی ہوچکے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہفتے کوشمالی غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوجی افسر ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے ، 3 کی حالت تشویشناک ہے ۔ہلاک فوجی کی شناخت 35 سالہ وارنٹ آفیسر گیلب سلیمان کے طور پر ہوئی ۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ میں ہزاروں بچے غذائی قلت کا شکار ہیں ، زیادہ تر لوگ بمشکل ایک وقت کا کھانا کھا رہے ۔ غزہ میں مائیں اپنے بچوں کو بھوک سے مرنے سے بچانے کیلئے کچھوے پکا کر کھلانے پر مجبور ہو گئی ہیں۔ماجدہ قنان کہتی ہیں کہ بچوں کوکچھوے کھلانے پر مجبور ہوں ، اسکے علاوہ کچھ دستیاب نہیں ۔ حماس نے ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک یرغمالی کو عبرانی میں فون پر بات کرتے زندہ دکھایا گیا ۔ فلسطین نے کہا ہے کہ سوشل پلیٹ فارمز پر صیہونی آبادکار تنظیموں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ پر حملے اور اسے شہید کر کے اسکی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کے پیغامات گردش کر رہے ۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اشتعال انگیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ۔علاوہ ازیں اسرائیلی حکام نے ہفتے کے روز فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفی کو مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ اور نابلس کے کئی دیہات کا دورہ کرنے سے روک دیا۔