عالمی میڈیا کی رافیل سمیت3بھارتی طیارے گرنے کی تصدیق

عالمی میڈیا کی رافیل سمیت3بھارتی طیارے گرنے کی تصدیق

لندن،نیو یارک(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کا پاکستان کیخلاف جارحیت کا خمیازہ اسے خود اپنے علاقے میں بھگتنا پڑ گیا۔

عالمی میڈیا نے بھی پاک فضائیہ  کی کارروائی میں رافیل سمیت بھارتی طیارے گرنے کی تصدیق کردی۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے مقامی سرکاری ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی کہ بدھ کے روز مقبوضہ کشمیر میں تین بھارتی لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہوئے ،یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارت نے دعویٰ کیا کہ اس نے سرحد پار پاکستانی علاقوں میں نو اہداف کو نشانہ بنایا ۔ادھر پاک فوج کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ پاکستان نے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔گرائے جانے والے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل ہے ۔ اگرچہ بھارت نے اس دعوے کی فوری تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم زمینی حقائق نے بھارت کی فضائی برتری کے دعوے کو بری طرح بے نقاب کر دیا ۔ مقبوضہ وادی میں گرنے والے طیاروں کے ملبے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ بھارتی حکام کی جانب سے حادثے کی اصل وجوہات چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ بی بی سی کے نامہ نگار نے بھی مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ کے قصبے پام پور میں گرنے والے طیارے کے ملبے کو بلڈوزر کی مدد سے منتقل ہوتے دیکھا۔بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا تھا کہ اسکے علاوہ جموں کے ضلع رام بن میں بھی منگل کی شب ایک طیارہ تباہ ہوا ۔بی بی سی کے ہی ایک اور نامہ نگار کے مطابق اسکے علاوہ انڈیا کی ریاست پنجاب کے ضلع بھٹنڈہ میں بھی طیارہ گرنے کی اطلاعات ہیں۔ انڈیا کے اخبار ‘دی ہندو’ کی جانب سے انڈین حکام کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی گئی کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں تین طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں تاہم بعد میں ‘دی ہندو’نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے یہ خبر ہٹاتے ہوئے لکھا گیا کہ ‘ہم نے آپریشن سندور میں انڈین طیاروں کی شمولیت بارے پوسٹ ہٹا دی ہے کیونکہ سرکاری طور پر اسکی تصدیق نہیں ہو سکی ۔علاوہ ازیں اعلیٰ فرانسیسی انٹیلی جنس عہدیدار نے اب امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے جو فرانس میں تیار کردہ اس جدید جنگی طیارے کا پہلی بار جنگ میں نقصان ہے ۔فرانسیسی حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا پاکستان نے راتوں رات ایک سے زیادہ رافیل طیاروں کو نشانہ بنایا۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گرنے والے طیارے کے ملبے میں فرانسیسی کمپنی کا لیبل دیکھا گیا۔رافیل 10 ٹن وزنی، دوہری انجن والا جدید ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو 30 ملی میٹر توپ، ایئر ٹو ایئر میزائل، لیزر گائیڈڈ بم اور کروز میزائل سے لیس ہوتا ہے ۔حالیہ کشیدگی سے قبل بھارت کے پاس 36 رافیل طیارے تھے جو فرانس سے خریدے گئے تھے ۔اس سے قبل نیویارک ٹائمز نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا جس کا ملبہ بھی مل گیا ہے اور اخبار کا کہنا ہے کہ ثبوتوں سے واضح ہے کہ آپریشن میں بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ادھر ٹی وی رپورٹ کے مطابق بھارتی آفیشلز نے بھی 3 طیاروں کے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے ۔امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بھارتی سکیورٹی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 3 طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں لیکن انکی وجوہات ابھی واضح نہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں