پیوٹن نے یو کرین کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دیدی
ماسکو (اے ایف پی)روس کے صدر پیوٹن نے یوکرین کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دی ہے ۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے دیرپا امن کے حصول کا خواہشمند ہے ۔
پیوٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس بات کے امکان کو مسترد نہیں کر سکتے کہ مذاکرات کے نتیجے میں روس اور یوکرین ایک نئے جنگ بندی معاہدے پر متفق ہو جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ مذاکرات پہلے کی طرح اب بھی ترکی کے شہر استنبول میں ہونے چاہئیں۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ وہ اس کی تفصیلات طے کرنے کے لیے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے رابطہ کریں گے ۔دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ کیف 15 مئی کو استنبول میں بات چیت کے لیے ماسکو سے ملاقات کرے گا، لیکن روس کو پہلے 30 روزہ جنگ بندی کا عہد کرنا چاہیے ۔ زیلنسکی نے روس کی جانب سے براہ راست امن مذاکرات بلانے کی تجویز کو ایک مثبت اشارہ قرار دیا۔ادھر ترک صدر رجب طیب نے کہا کہ وہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہیں،انہوں نے روس کے صدر کو فون کال میں بتایا کہ امن کے لیے موقع کی کھڑکی کھل گئی ہے ۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ انقرہ دونوں متحارب فریقوں کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے ۔یاد رہے ماسکو اور کیف نے مارچ 2022 سے براہ راست بات چیت نہیں کی ہے ۔