رافیل گرے ؟ نقصانات لڑائی کا حصہ ہیں :بھارتی فضائیہ
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی )انڈیا کے ایئرمارشل اے کے بھارتی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا ہم اس حوالے سے اعداد و شمار دے سکتے ہیں کہ ہم نے کتنے اثاثے کھوئے ہیں؟، صحافی نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا پر لکھا جا رہا ہے کہ رافیل طیارے گرائے گئے ہیں۔
کیا آپ اس کی وضاحت کر سکتے ہیں؟۔ان سوالات کے جواب میں انڈین ایئرمارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ نے یہ سوال کیا ہے ، ہم لڑائی کی حالت میں ہیں۔ نقصانات لڑائی کا حصہ ہیں۔ آپ کو ہم سے یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ کیا ہم نے اپنے اہداف حاصل کیے ہیں؟ کیا ہم نے دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کا ہدف حاصل کیا ہے ؟، اس کا جواب ہاں ہے ۔علاوہ ازیں بھارتی ائیر فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آپریشن سندور کے طے شدہ تمام اہداف پیشہ ورانہ اور درست طریقے سے کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیے ہیں۔انڈین ائیر فورس نے اتوار کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ قومی اہداف کیلئے پورے شعور اور سمجھ داری سے کارروائیاں کی ہیں چونکہ آپریشن ابھی جاری ہے ، اس لیے مناسب وقت پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔