ٹرمپ کا روسی ہم منصب کو فون،یوکرین جنگ بندی پر زور

واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ،دونوں رہنماؤں نے تقریباً2گھنٹے یوکرین کے معاملے پر گفتگو کی ۔
ٹرمپ نے روسی ہم منصب پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر یوکرین میں جنگ بندی کیلئے لائحہ عمل طے کریں ۔ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین جنگ بندی کیلئے فوری طور پر مذاکرات شروع کریں گے ۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی روسی صدر پیوٹن سے ٹیلی فون پر 2 گھنٹے بات ہوئی،یوکرین جنگ بندی پر زور دیا ،گفتگو اچھی رہی۔ٹرمپ نے لکھا زیادہ اہم روس یوکرین جنگ کا خاتمہ ہے ، روس جنگ کے خاتمے کے بعد امریکا سے بڑے پیمانے پر تجارت کرنا چاہتا ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ روس کے پاس روزگار اور وسائل پیدا کرنے کا اچھا موقع ہے ، اسی طرح یوکرین بھی تعمیر نو کے عمل میں تجارت سے فائدہ حاصل کر سکتا ہے ۔ انہوں نے یوکرینی صدرزیلنسکی ، یورپی کمیشن کی صدر ، فرانس، اٹلی، جرمنی اور فن لینڈ کے سربراہوں کو بھی پیوٹن سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔دوسری جانب پیوٹن نے ٹرمپ سے گفتگو کے بعد روسی میڈیا کو بتایا کہ امریکی صدر سے تفصیلی گفتگو ہو ئی ہے ،استنبول میں مذاکرات کے بعد مجموعی طور پر ہم صحیح راستے پر ہیں۔ روس ممکنہ امن معاہدے کیلئے میمورنڈم پر یوکرین کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے ۔اگر مناسب سمجھوتہ طے پا جاتا ہے تو ایک مخصوص مدت کے لیے ممکنہ جنگ بندی ہو سکتی ہے ۔امریکی صدر کیساتھ مفید گفتگو ہوئی ہے ۔