پاکستان میں بہت مضبوط لیڈر شپ ہے :ٹرمپ
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی) امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں اپنے کردار کا دعویٰ دہرا دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں جرمن چانسلر فریڈرک مرٹز سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان جنگ رکوا دی۔ میں نے دونوں ممالک سے کہا کہ اگر آپ گولیاں چلائیں گے تو تجارت بند ہو جائے گی۔ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان میں بہت مضبوط لیڈر شپ ہے ، جس سے ان کے پاکستان کی حکومت پر اعتماد کا اظہار سامنے آیا۔ دوسری جانب ٹرمپ کے بیان پر بھارتی حکومت کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ یاد رہے صدر ٹرمپ اس دعوے کو درجنوں بار دہرا چکے ہیں کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔مودی حکومت ہر بار اس دعوے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتی ہے اور بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس اسے مودی سرکار پر طنز کا موقع بنا لیتی ہے ۔