امریکا اور چین میں تجارتی معاہدہ،ٹرمپ اور شی جن پنگ حتمی منظوری دینگے

امریکا  اور چین میں تجارتی معاہدہ،ٹرمپ  اور  شی جن  پنگ حتمی منظوری دینگے

واشنگٹن (اے ایف پی )واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، حتمی منظوری امریکی اور چینی صدور دیں گے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ تعلقات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ۔۔۔

 سپر پاورز نے لندن میں دو دن کی بات چیت کے  بعد ایک معاہدہ کیا ہے جس کا مقصد ان کی نقصان دہ تجارتی جنگ میں جنگ بندی کو برقرار رکھنا ہے ۔ اس معاہدے کی دونوں ممالک کے صدور کی طرف سے حتمی منظوری کے بعد امریکا کو درکار نایاب دھاتیں مل سکیں گی جبکہ چینی طلبا امریکی تعلیمی اداروں میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھاکہ چین کے ساتھ ہمارا تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کی حتمی منظوری میں نے اور چین کے صدر نے دینی ہے ۔میگنٹس اور دیگر کوئی بھی ضروری نایاب دھات چین کی طرف سے فراہم کی جائے گی اور اسی طرح ہم چین کو وہ فراہم کریں گے جس پر اتفاق کیا گیا۔ ہمارے کالجوں اور یونیورسٹیوں کا رخ کرنے والے چینی طلبا اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے ۔ہمارے تعلقات بہترین ہیں اور اس وقت امریکا کو کل 55 فیصد ٹیرف حاصل ہو رہا ہے جبکہ چین کو 10 فیصد مل رہا ہے ۔لندن میں مذاکرات کے بعد امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنیوا میں جن امور پر اتفاق رائے کر چکے ہیں اب اس کے نفاذ کے ایک فریم ورک پر پہنچ گئے ہیں،جب دونوں ممالک کے صدور اس کی منظوری دے دیں گے تو ہم اس پر عمل درآمد شروع کر دیں گے ۔ چین کے نائب وزیر تجارت لی چینگ گانگ نے کہا کہ دونوں ممالک اصولی طور پر 5 جون کو فون کال کے دوران دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ایک فریم ورک تک پہنچ گئے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں