ہاتھ سے بنے قالینوں کی نمائش کیلئے مالی معاونت کا مطالبہ
لاہور(این این آئی) کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ سے رواں سال لاہورمیں ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے مالی معاونت اوربیرونِ ممالک عالمی نمائشوں میں شرکت کیلئے 80/20 سبسڈی سکیم کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔
ایسوسی ایشن کے دفتر میں چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں خطے کی کشیدہ صورتحال سے برآمدات پر پڑنے والے اثرات ، پنجاب حکومت کی جانب سے سیس ٹیکس کی قائمہ کمیٹی سے منظوری ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی تیاری کیلئے درکار جزوی تیار خام مال کی سپلائی میں تعطل سمیت دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان کارپٹ ایکسپو 2026کے انعقاد کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے جس کا مقصد پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کو عالمی منڈی میں فروغ دینا اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے ۔