گھٹنوں کو اگلے 10سال تک مضبوط رکھنے کے طریقے
لاہور(نیٹ نیوز)ماہرین کے مطابق اگر طرز زندگی میں تھوڑی سی تبدیلی کر دی جائے تو اگلے دس سالوں بلکہ اس سے بھی زیادہ عرصے تک اپنے گھٹنوں کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے ۔
جسمانی سرگرمیوں میں کمی، وزن میں اضافہ اور کھیلوں کے دوران لگنے والی چوٹیں گھٹنوں کے مسائل میں اضافہ کررہی ہیں۔ اضافی وزن گھٹنوں کا سب سے بڑا دشمن ہے ۔ گھٹنے کے گرد موجود پٹھے انہیں سہارا دیتے ہیں۔ پٹھوں کی ورزش جیسے کہ سائیکلنگ، سکواٹس اور ٹانگوں کی ہلکی ورزشیں پٹھوں کو مضبوط کرتی ہیں ۔اچھی کوالٹی کے آرام دہ جوتے پہننے سے گھٹنوں کی سیدھ درست رہتی ہے ۔ ہمیشہ کمر سیدھی رکھیں اور لمبے وقت تک ایک ہی پوزیشن میں بیٹھنے سے گریز کریں۔اومیگا تھری فیٹی ایسڈز ،وٹامن ڈی اور کیلشیم سے بھرپور غذا ہڈیوں اور پٹھوں کو مضبوط بناتی ہے ۔کسی بھی تکلیف کی صورت میں فوری طبی معائنہ بڑی پیچیدگیوں سے بچا سکتا ہے ۔