سٹاک ایکسچینج : زبردست تیزی، انڈیکس 5043 پوائنٹس بڑھ گیا
امریکا ایران مذاکرات جلد ہونیکی امید،سرمایہ کار متحرک،انڈیکس165634پر بند حصص کی مالیت میں 4کھرب 96ارب کا اضافہ ،کاروباری حجم 11فیصد زائد رہا
کراچی(بزنس رپورٹر )امریکا ایران مذاکرات جلد طے پانے کی اطلاعات سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کو ایک روزہ وقفے کے بعد دوبارہ بڑی نوعیت کی تیزی دیکھی گئی جس سے بینچ مارک کے ایس ای انڈیکس کی 1ہزار پوائنٹس کی 5سطحیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 80فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 4کھرب 96ارب 82کروڑ 40لاکھ 86ہزار 355روپے کا اضافہ ہوگیا ۔دوسری جانب تازہ سرمایہ کاری سے کاروبار کے تمام دورانیے میں تیزی رہی ،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 5ہزار 172پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں معمولی سی کمی واقع ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 5043.51 پوائنٹس کے اضافے سے 165634.85 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 1522.98پوائنٹس کے اضافے سے پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 2713.21پوائنٹس کے اضافے سے 98685.95پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 7355.26پوائنٹس کے اضافے سے 239687.25پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم پیر کی نسبت 11فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 82کروڑ 45لاکھ 39ہزار 24حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 487 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 389 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 64 میں کمی اور 34 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔