کراچی پورٹ ڈریجنگ منصوبہ، کارکردگی بہتر ہونے کی توقع
گنجائش 10 لاکھ کنٹینرز تک بڑھ جائیگی، بڑے جہازوں کی آمد ممکن،جنید انوار
کراچی (بزنس ڈیسک)بین الاقوامی معیار کے مطابق بندرگا ہی خدمات فراہم کرنے والے نوٹم پورٹس کے کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ (کے جی ٹی ایل)اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پر پر لمیٹڈ (کے جی ٹی ایم ایل)اداروں نے کراچی پورٹ پر جاری ڈریجنگ منصوبے میں نمایاں پیش رفت اور اہم سنگ میل کے حصول کے موقع پر ایک اعلیٰ سطح دورہ اور جامع میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
اس موقع پر کے جی ٹی ایل اور کے جی ٹی ایم ایل کے سی ای او خرم عزیز خان اور چیئر مین کراچی پورٹ ٹرسٹ، ریئر ایڈمرل شاہد احمد (ریٹائرڈ)بھی موجود تھے۔ تقریب کے آغاز میں تعارفی کلمات اور منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ نوٹم پورٹس کے تحت کے جی ٹی ایل کی جانب سے جاری ڈریجنگ منصوبے کے تحت کراچی گیٹ وے ٹرمینل کے بر تھ اور نیویگیشنل چینلز کو گہرا کیا جائے گا جس سے 305 میٹر سے 350 میٹر لمبے اور 13 میٹر سے 15.5 میٹر ڈرافٹ والے جہازوں کی آمد ممکن ہو سکے گی۔
توسیعی کاموں کی تکمیل کے بعد کے جی ٹی ایل کی کنٹینر ہینڈلنگ صلاحیت 7لاکھ 50ہزار ٹی ای یوز سے بڑھ کر 1 ملین ٹی ای یوز ہو جائے گی۔ملحقہ کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پر پر لمیٹڈ پرڈریجنگ کے بعد بلک جہازوں کی گنجائش60 ہزار ٹن سے بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار ٹن ہو جائے گی۔وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں بندرگا ہی انفرااسٹرکچر کی جدید کاری کو قومی معیشت کے لیے نہایت اہم قرار دیا اور اس منصوبے میں شامل اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے بندرگاہ کی گہرائی میں اضافہ ہوگا جس سے بڑے جہازوں کی آمد ممکن ہو سکے گی اور آپریشنل کار کردگی میں بہتری آئے گی۔