چین،پیٹ سے بچپن میں نگلا ہوا تھرمامیٹر نکال لیا گیا
بیجنگ (نیٹ نیوز)چین کے صوبے ژی جیانگ کے شہر وینزو سے تعلق رکھنے والے شخص کے پیٹ سے تھرمامیٹر نکالا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وانگ نامی 32 سالہ شخص اپنے پیٹ کے درد کی وجہ سے ہسپتال گیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے اس کا طبی معائنہ کیا گیا اور پیٹ میں تھرمامیٹر کے موجود ہونے کا انکشاف ہوا۔ڈاکٹرز نے بتایا کہ چینی شہری کی حالت سنگین تھی کیونکہ تھرمامیٹر کی نوک آنتوں کو براہ راست نقصان پہنچا رہی تھی جس سے آنتوں میں سوراخ ہونے اور شدید اندرونی خون بہنے کا خطرہ تھا۔ڈاکٹرز کے مطابق انہوں نے انتہائی احتیاط سے صرف 20 منٹ میں آپریشن مکمل کیا ۔چینی شہری نے اس حوالے سے بتایا کہ اس نے 12 سال کی عمر میں غلطی سے تھرمامیٹر نگل لیا تھا، والدین کو ڈر کی وجہ سے نہیں بتایا اور کوئی تکلیف بھی نہیں ہوئی جس کے بعد وہ اپنے والدین کو بتانا ہی بھول گیا تھا۔