کینیڈا نے گرفتارپاکستانی شہری کو امریکا کے حوالے کردیا
نیویارک (اے ایف پی)کینیڈا نے نیویارک شہر میں یہودیوں پرحملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 20سالہ پاکستانی محمد شاہ زیب خان کو امریکا کے حوالے کردیا ۔
شاہ زیب جدون کے نام سے بھی جانے جانے والے پاکستانی شہری پر نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک یہودی مرکز پر حملے کی سازش کا الزام لگایا گیاہے اور اس پر نیویارک کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا ۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق شاہ زیب خان نے سازش میں شریک کرنے کیلئے جن افراد سے رابطہ کیا ان میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے 2 خفیہ اہلکار بھی شامل تھے ۔ شاہ زیب کا کہناتھا کہ اگر ہم اس منصوبے میں کامیاب رہے تو یہ نائن الیون کے بعد امریکا کی سرزمین پر سب سے بڑا حملہ ہوگا۔شاہ زیب کو نیویارک کے جنوبی ڈسٹرکٹ میں شکایت درج ہونے پر ستمبر 2024 کو کینیڈا میں گرفتار کرلیا گیا تھا،یہ کارروائی اس وقت کی گئی تھی جب شاہ زیب خان کینیڈا کی سرحد سے مبینہ طورپر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں شاہ زیب خان کو عمر قید کا سامنا کرناہوگا۔