کشمیر پر ثالث بنوں گا،کوئی بھی مسئلہ ہو حل کر سکتا ہوں:ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازع میں ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا میں کشمیر پر ثالث بنوں گا، کوئی بھی مسئلہ ہو حل کرسکتا ہوں۔۔۔
۔ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکی جس پر پوری ری پبلک پارٹی کو کریڈٹ دینا چاہیے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں بل پر دستخط کرنے کی تقریب کے بعد سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا میں نے تجارت کے ذریعے پاک بھارت جنگ روکی، پاکستان اور بھارت نے میری بات کو سمجھا، دونوں ملکوں کے درمیان جنگ روکنے کے لیے کوئی بات نہیں کررہا تھا لیکن یہ بڑا کام تھا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ شروع ہونے والی تھی، پاکستان اور بھارت کی قدر کرتا ہوں، دونوں ملکوں سے کہا کہ اگر جنگ کرو گے تو تجارت نہیں ہوگی، پاکستانی وفد آئندہ ہفتے تجارت پر گفتگو کرنے امریکا آرہا ہے ۔ پاک بھارت جنگ روکنے پر فخر ہے ، دونوں ملکوں کے پاس خطرناک تعداد میں جوہری ہتھیار ہیں، میرے خیال میں جنگ روکنے پر پوری ری پبلک پارٹی کو کریڈٹ دینا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہم پاکستان اور بھارت کو اکٹھا کریں گے ، ان کی کشمیر پر طویل عرصے سے دشمنی ہے ، میں نے ان سے کہا میں آپ کا ثالث بنوں گا اور میں کچھ بھی حل کر سکتا ہوں۔میں آپ دونوں کے ساتھ مل کر دیکھوں گا کہ کیا ‘ہزار سال’ کے بعد کشمیر کے بارے میں کوئی حل نکالا جا سکتا ہے ،امریکی صدر نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے بہت قریب تھے ، اب بھی ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں تاہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے ، ایران کے ساتھ معاہدے کے امکانات کم ہیں،ایران کو خوشحال کرنے میں مدد کریں گے ۔اسرائیل ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔اس موقع پر امریکی صدر نے ایلون مسک کی جانب سے تحفے میں دی گئی گاڑی کی تعریف کی اور کہا کہ مجھے ٹیسلا پسند ہے اور ایلون مسک مجھے پسند کرتے ہیں، الیکٹرک گاڑیوں پر ایلون مسک سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ مجھے پسند نہیں ہے ۔