قطر سعودیہ عمان اسرائیل کو جنگ بندی پر راضی کرائیں:ایران

قطر سعودیہ عمان اسرائیل کو جنگ بندی پر راضی کرائیں:ایران

دبئی(رائٹرز )ایران نے قطر، سعودی عرب اور سلطنتِ عمان سے کہا ہے کہ وہ امریکا کے صدر پر زور دیں کہ وہ اسرائیل کو فوری جنگ بندی پر راضی کرے ۔۔۔

ایران نے واضح کیا ہے کہ اگر جنگ بندی ہو جائے تو وہ اپنے ایٹمی پروگرام سے متعلق مذاکرات میں نرمیاختیار

 کرنے کے لیے تیار ہے ۔ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ سفارت کار پورے ہفتے بھر سرگرم رہے اور انہوں نے ایران، امریکا اور دیگر ممالک سے رابطے کیے تاکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان شدید ہوتی کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جا سکے ۔ایک ایرانی ذریعے نے بتایا کہ اگر دشمنی روک دی جائے تو ایران ایٹمی معاملات پر نرمی دکھانے پر آمادہ ہے ۔ خلیجی ممالک کو تشویش ہے کہ اگر یہ تنازع پھیل گیا تو پورے علاقے کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر، عمان اور سعودی عرب نے امریکا سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ جنگ بند ہو اور ایران کے ساتھ مذاکرات کا راستہ کھلے ۔ایرانی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک ان پر حملے جاری رہیں گے ، وہ کسی بھی قسم کی بات چیت میں شریک نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف اسی صورت میں سنجیدہ بات چیت کا آغاز کریں گے جب اسرائیل کے حملے بند ہوں گے ۔ایران نے عمان اور قطر سے ثالثی کی درخواست کی ہے ، جبکہ ترکی سے بھی کہا ہے کہ وہ امریکی صدر سے رابطہ کرے ۔ روس کے صدر نے بھی ایران کو یقین دلایا ہے کہ وہ امریکی اور اسرائیلی حکام سے بات کریں گے ۔ادھر اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا ہے کہ ابھی جنگ بندی کی بات کرنا قبل از وقت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ شروع کرنے کے تین دن بعد ہی ختم کرنے کی کوشش نہیں کی جاتی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں