امریکی افواج ایران کیخلاف کسی بھی اقدام کیلئے تیار

 امریکی افواج ایران کیخلاف کسی بھی اقدام کیلئے تیار

واشنگٹن (رائٹرز)امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ امریکی افواج ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔۔

اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کی جانب سے آئندہ چند روز میں واضح لائحہ عمل سامنے آ سکتا ہے ۔سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے گواہی دیتے ہوئے ہیگستھ نے ایران کے خلاف ممکنہ حملے سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا، تاہم قانون سازوں کے سوالات پر انہوں نے اعتراف کیا کہ پینٹاگون ہر قسم کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے مکمل تیاری رکھتا ہے ۔ہیگستھ نے کہاانہیں (ایران کو)معاہدہ کر لینا چاہیے تھا، صدر ٹرمپ کا کہا اہمیت رکھتا ہے ، دنیا یہ بات سمجھتی ہے اور دفاعی محکمے کا کام ہے کہ ہر ممکنہ آپشن کے لیے تیار رہے ، اور ہم بالکل وہی کر رہے ہیں۔ ایران کو چاہیے تھا کہ وہ اسرائیلی حملوں کے آغاز سے پہلے ہی صدر ٹرمپ کی جانب سے دی گئی پیشکش پر غور کرتا اور ایٹمی پروگرام پر کوئی معاہدہ کرتا،جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ٹرمپ انتظامیہ ایران کو روکنے کے لیے دوبارہ طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے ، تو انہوں نے کہامیری رائے میں ہم کئی پہلوؤں سے پہلے ہی دوبارہ روکنے کی حکمتِ عملی اپنا چکے ہیں، اصل سوال یہ ہے کہ آئندہ دنوں میں یہ پالیسی کس سمت جاتی ہے ۔ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ اور انکی ٹیم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا ایران کے ایٹمی ٹھکانوں پر اسرائیل کے ساتھ مل کر حملے کیے جائیں یا نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں