ایران اسرائیل تصادم گیس سپلائی کیلئے سنگین خطرہ :قطر
دوحہ ( نیوز مانیٹرنگ ) قطر انرجی کے سی ای او اور توانائی کے وزیر سعد الکعبی نے امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک کو متنبہ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تصادم گیس کی سپلائی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے ۔
قطر نے اسرائیل کی جانب سے خلیج میں ایران کے حصے میں واقع مشترکہ گیس فیلڈ پر حملے کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے ۔ یہ مقام قطر انرجی کی تنصیبات سے تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔عالمی گیس مارکیٹ کا تقریباً 20 فیصد قطر سے آتا ہے ، اور کسی بھی رکاوٹ سے دنیا بھر میں توانائی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے ۔ایک سفارتکار کے مطابق قطر انرجی غیر ملکی حکومتوں کو اس خطرے کے ممکنہ نتائج اور قطر سے گیس کی پیداوار پر اثرات سے آگاہ کر رہی ہے ۔قطر انرجی نے اس پر کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا۔سعد الکعبی نے اس ہفتے دوحہ میں ان ممالک کے سفیروں سے ملاقات بھی کی، جن کی کمپنیاں قطر کے نارتھ فیلڈ توسیعی منصوبے میں شامل ہیں۔ اس منصوبے سے قطر کی گیس برآمدات آئندہ برسوں میں 82 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے ۔فی الحال قطر کی گیس برآمدات متاثر نہیں ہوئیں اور شپمنٹس شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ تاہم اگر اسرائیل نے دوبارہ ایرانی گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا تو قطر کے سمندری پلیٹ فارمز پر موجود عملے کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اور آپریشن بند کرنا پڑ سکتا ہے ۔