برکس ممالک کا ٹرمپ کے تجارتی محصولات پر شدید تحفظات کا اظہار

ریو ڈی جنیرو (اے ایف پی)برکس ممالک نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ اندھا دھند تجارتی محصولات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی اور عالمی معیشت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے ۔
برازیل کے دوسرے بڑے شہر ریو ڈی جنیرو میں آج سے شروع ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کے مجوزہ اعلامیے کے مسودے میں کہا گیا برکس بلاک جو دنیا کی نصف آبادی اور 40 فیصد عالمی معاشی پیداوار کی نمائندگی کرتا ہے وہ امریکی پالیسیوں پر مشترکہ موقف اختیار کرنے کے لیے تیار ہے ۔اعلامیے کے مطابق امریکی درآمدی محصولات عالمی تجارتی نظام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور ان سے ابھرتی معیشتوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔