مہاتیر محمد کی زندگی کے 100 برس مکمل،کم کھانے کا مشورہ
کوالالمپور(دنیامانیٹرنگ )ملائشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد گزشتہ روز 100 برس کے ہو گئے ۔وہ پہلی بار 1981 میں وزیر اعظم منتخب ہوئے۔
2003 تک ملک کے چوتھے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں ، 2018 کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے پھر وزیر اعظم منتخب ہوئے ،2020 تک ملک کے ساتویں وزیر اعظم کے طور پر اقتدار میں رہے ۔اُنہوں نے ملائشیا پر سب سے طویل عرصہ حکومت کی ۔مہاتیر محمد اپنی 100ویں سالگرہ کے موقع پربھی اپنے دفتر گئے ۔اُنہوں نے اس موقع پر ایک خصوصی لائیو پوڈ کاسٹ میں کہا 100 برس کا ہونا کافی خوفناک ہے ۔اپنی طویل عمر کے راز کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں واقعی ایسا کوئی راز نہیں جانتا۔اُنہوں نے لوگوں کو صحت مند رہنے کیلئے کم کھانے کا مشورہ بھی دیا۔مہاتیر محمد نے کہا اگر آپ اچھی طرح سے کام جاری رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے جسم اور دماغ کو متحرک رکھنا ہوگا۔مہاتیر محمد نے اپنی طویل عمر، اچھی صحت اور کامیابی کا کریڈٹ اپنی 98 سالہ اہلیہ سیتی حسمہ کو بھی دیا۔ اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا میری بیوی ہمیشہ میرے ساتھ رہی ، وہ صرف ایک بیوی نہیں ہے بلکہ درحقیقت ایک بہترین دوست ہے ، وہ میری تمام تر سرگرمیوں میں بھرپور ساتھ دیتی ہے ۔