بھارت کی دراندازی میانمار میں ڈرون حملے،3کمانڈر ہلاک:باغی گروہ
نئی دہلی(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)شمال مشرقی بھارت میں علیحدگی پسند گروپ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے اتوار کے روز ہمسایہ ملک میانمار میں اُن کے کیمپوں پر سرحد پار ڈرون حملے کیے جس کے نتیجے میں ہمارے 3 رہنما ہلاک ہو گئے ۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام انڈیپنڈنٹ (یو ایل ایف اے آئی)علیحدگی پسند گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ میانمار میں سرحد کے قریب ایک ڈرون حملے میں ان کا ایک اعلیٰ کمانڈر مارا گیا جبکہ 19 دیگر افراد زخمی ہوئے ۔بھارتی اخبار کے مطابق ایل ایف اے آئی نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں 150 سے زائد اسرائیلی ساختہ ڈرون استعمال کیے گئے ۔حملوں میں ہمارے دو مزید سینئر کمانڈر مارے گئے ۔گروپ نے دعویٰ ہے کیا کہ سرحد پار سے ہونے والے حملوں میں کئی دیگر ارکان اور شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی اخبار کے مطابق بعد ڈرونز کے بعد میزائلوں سے حملے کیے گئے جن میں ڈرون حملے میں مارے جانے والے کمانڈر کے جنازے کو نشانہ بنایا گیا۔بھارتی حکام نے تاحال ان حملوں کی تصدیق نہیں کی ۔یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام انڈیپنڈنٹ نے کہا کہ ایک اور باغی گروپ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے )کے کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔خیال رہے کہ یو ایل ایف اے آئی بھارت کے کئی علیحدگی پسند گروپوں میں سے ایک ہے ، جو شمال مشرقی ریاست آسام کی آزادی چاہتا ہے ، جبکہ پی ایل اے منی پور ریاست کی علیحدگی کا مطالبہ کرتا ہے ۔یو ایل ایف اے آئی کے ایک دھڑے نے 2023 میں بھارتی حکومت کے ساتھ ہتھیار ڈال کر امن معاہدہ کر لیا تھا۔علیحدگی پسند حملوں میں حالیہ برسوں میں کافی کمی آئی ہے ، لیکن گزشتہ تین دہائیوں میں اس تشدد نے ہزاروں افراد کی جانیں لی ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں۔