بنگلہ دیش :شیخ حسینہ کے حامیوں کی پولیس سے جھڑپ، 3 ہلاک،17زخمی
ڈھاکا (اے ایف پی)بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے ۔۔
ہلاکتوں کی تصدیق گپال گنج ضلعی ہسپتال کی نرس منوج برال نے کی، جن کے مطابق زخمیوں میں گولیاں لگنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔جھڑپیں اُس وقت شروع ہوئیں جب شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے کارکنان نے نیشنل سٹیزنز پارٹی (این سی پی)کی ریلی کو روکنے کی کوشش کی۔پرتشدد مظاہروں کے بعد ضلعی انتظامیہ نے گپال گنج میں کرفیو نافذ کر دیا۔ عبوری وزیراعظم محمد یونس نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "این سی پی کی ریلی کو روکنا بنیادی حقوق کی شرمناک خلاف ورزی ہے "۔ ان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ بہیمانہ عمل ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔میڈیا کے مطابق گپال گنج عوامی لیگ کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے جہاں سے شیخ مجیب الرحمن اور بعد ازاں شیخ حسینہ نے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔