پاکستان کے امریکا و چین کیساتھ تعلقات بہترین :وزیرخزانہ

پاکستان کے امریکا و چین کیساتھ تعلقات بہترین :وزیرخزانہ

پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے مالی وانسانی نقصانات بڑھ رہے ہیں:محمداورنگزیب سعودی نائب وزیرِ خزانہ سے ملاقات ،پاک سعودیہ اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ریاض (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ تعمیری تعلقات برقرار رکھنے کی بہترین پوزیشن میں ہے جس سے مستحکم ماحول اور متنوع بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہونگے ، موافقتی ایجنڈے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں اور عالمی مالیاتی منڈیوں سے بیرونی مالیاتی معاونت ناگزیر رہے گی، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی صورت میں پاکستان کا دیرینہ  شراکت دار ہے ۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گلوبل ڈویلپمنٹ فنانس کانفرنس مومینٹم 2025 کے موقع پر پاکستان میں حالیہ شدید موسمیاتی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے بڑھتی ہوئی حقیقت ہے جس سے مالی اورانسانی نقصانات کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس سے تقریباً 30 ارب ڈالر کے نقصانات کااندازہ ہے ۔ جاری سال میں سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی شدت اور تعدادمیں مسلسل اضافہ ہورہاہے ، پاکستان کو اس سال تقریبا ً آدھا فیصد جی ڈی پی گروتھ کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا، جو پہلے ہی دباؤ کے شکار معیشت کے لیے مزید مشکلات پیدا کررہا ہے ۔ادھر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ریاض میں سعودی نائب وزیرِ خزانہ عبدالمحسن الخلف سے ملاقات کی اوراس دوران پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوااوردونوں ممالک نے ہر سطح پر قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں