نوبل انعام یافتہ ماریہ ماچادو امریکی مدد سے چھپ کر ناروے پہنچ گئیں
اوسلو(اے ایف پی)رواں سال کی نوبل امن انعام یافتہ ماریہ کورینا ماچادو نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کی مدد سے وہ وینزویلا سے ناروے پہنچی ہیں۔۔۔
جنوری میں صدر نکولس مادورو کی حکومت کو چیلنج کرنے کے بعد غائب ہونے والی ماچادو نے اوسلو میں ہوٹل کی بالکونی سے حامیوں کو دیکھ کر خطاب کیا۔ انہوں نے سفر کے دوران نقاب اور وِگ استعمال کی اور کراکس سے کیوراکاؤ پہنچنے کے لیے کشتی کا سہارا لیا، جہاں سے نجی طیارے کے ذریعے ناروے آئیں۔ ماچادو نے امریکی فوج کو بھی آگاہ کرنے کا ذکر کیا تاکہ ان کا راستہ محفوظ رہے ۔ انہوں نے واپس وینزویلا جانے کا عزم بھی ظاہر کیا ۔دوسری جانب ماریہ ماچادو کئی ماہ روپوش رہنے کے بعد ناروے پہنچتے ہی اپنے بچوں سے مل کر جذباتی ہوگئیں۔ ماچادو خفیہ طور پر وینزویلا سے نکل کر اوسلو کے گرینڈ ہوٹل پہنچیں، جہاں انہوں نے بتایا کہ طویل جدائی کے بعد تینوں بچوں کو ایک ساتھ گلے لگانا ان کی زندگی کا غیر معمولی روحانی لمحہ تھا۔ ان کی بیٹی نے بدھ کو ان کی جگہ نوبل انعام وصول کیا تھا ۔ ماچادو گزشتہ برس انتخابی دھاندلی کے الزامات کے بعد روپوش تھیں۔