افغانستان کا سرحد پار حملے کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

افغانستان کا سرحد پار حملے کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے :امیر متقی افغان وزیر خارجہ نے علما کرام کی متفقہ منظور کی پانچ نکاتی قرارداد کی توثیق کردی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی )افغا ن وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے اور جو کوئی بھی  خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کابل میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیر خارجہ امیر خان متقی نے علما کی جانب سے ایک روز قبل متفقہ طور پر منظور کی گئی ایک پانچ نکاتی قرارداد کی توثیق کی۔کابل یونیورسٹی میں افغانستان کے 34 صوبوں سے جمع ہونے والے سینکڑوں علماء نے ایک قرارداد منظور کی تھی، جس میں موجودہ نظام کی حمایت، علاقائی سالمیت کے دفاع، افغانستان کی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے ، افغانوں کی بیرونِ ملک عسکری سرگرمیوں میں شمولیت کی مخالفت اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا گیا تھا۔امیر خان متقی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے ، علما کے فتوے کی بنیاد پر افغان قیادت اپنی سرزمین سے کسی کو دوسرے ممالک میں عسکری سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت نہیں دیتی۔افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی امارت کی قیادت کسی کو دوسرے ممالک میں عسکری سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی اجازت نہیں دے گی، لہذا جو بھی افغان اس ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا، علما کے مطابق اس کے خلاف اسلامی امارت کارروائی کر سکتی ہے ۔اگرچہ امیر خان متقی نے کسی ملک کا نام نہیں لیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں