ایران :مختلف شہروں میں میزائل مشقیں ،متضاد سرکاری بیانات

ایران :مختلف شہروں میں میزائل مشقیں ،متضاد سرکاری بیانات

ایرانی میڈیا نے میزائل لانچ کی ویڈیوز جاری کیں، مقامات کی وضاحت نہیں کی میزائلوں کا تجربہ نہیں کیاگیا ، تصاویر بلند پرواز طیاروں کی تھیں:سرکاری میڈیا

تہران(دنیا مانیٹرنگ)ایران کے سرکاری میڈیا نے نامعلوم ذرائع اور عینی شاہدین کے حوالے سے پیر کو اطلاع دی ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں میزائل مشقیں کی گئی ہیں، جو ایک ماہ کے دوران اس نوعیت کی دوسری مشق بتائی گئی ہے ۔یہ مشقیں این بی سی نیوز کی اس رپورٹ کے بعد کی جارہی ہیں، جس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو امریکی صدر ٹرمپ کو ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں توسیع کے خدشے کے بارے میں ایک بریفنگ دینے والے ہیں، جس کے پیشِ نظر تہران کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت پڑ سکتی ہے ۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے ٹیلیگرام چینل اور نیم سرکاری نورنیوز نے میزائل لانچ جیسی ویڈیوز شائع کیں، تاہم مقامات کی وضاحت نہیں کی گئی۔ ذرائع نے کہا کہ لانچز تہران اور اصفہان و مشہد کے شہروں سے ہوئیں۔پیر کو سرکاری میڈیا نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا کہ میزائلوں کا تجربہ نہیں کیا گیا اور گردش کرنے والی تصاویر بلند پرواز طیاروں کی تھیں۔ ان متضاد رپورٹس پر بھی کوئی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔این بی سی کے مطابق اسرائیلی حکام کو خدشہ ہے کہ ایران جون میں امریکی بمباری کا نشانہ بننے والے جوہری افزودگی کے مراکز کو دوبارہ فعال کر رہا ہے ، اور وہ میزائل پروگرام پر دوبارہ حملے کے آپشنز پر ٹرمپ کو بریف کرنے کی تیاری کر رہے تھے ۔ رواں ماہ ایران کی ایلیٹ فورس پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے غیر ملکی خطرات کے مقابلے کے لیے دو روزہ مشقیں کیں، جن میں خلیج میں فرضی اہداف پر بیلسٹک اور کروز میزائل داغے گئے تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں