پی ٹی آئی نے ایکس اکاؤنٹ سے متنازعہ ویڈیو ہٹا دی
احتیاطاًپوسٹ حذف کی ،شہری غلط فہمی سے بچنے کیلئے بیانات میں احتیاط برتیں پاکستانیوں کو بے مثال جبر کا سامنا ہے ،حکومت تحقیقات کرے :پی ٹی آئی یوکے
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف برطانیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی جس میں پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کی ویڈیو شامل تھی۔پی ٹی آئی یوکے نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے غیر قانونی طرزِ عمل کی حمایت نہیں کرتی اور آزاد شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی غلط فہمی سے بچنے کیلئے اپنے بیانات میں احتیاط برتیں۔ دفترِ خارجہ نے جمعہ کے رو ز پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور تشدد پر اکسانے کے معاملے پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر میٹ کینل کو طلب کر کے ڈیمارش دیا تھا اوربرطانوی حکومت سے باضابطہ طور پر مطالبہ کیا تھا کہ وہ برطانیہ کی سرزمین استعمال کر کے پاکستان کی عسکری قیادت کو براہِ راست دھمکیاں دینے والوں کی شناخت کرے۔
انہیں گرفتار کرے ، تحقیقات کرے اور مقدمات چلائے ۔ذرائع کے مطابق 23 دسمبر کو پی ٹی آئی یوکے کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی جس میں بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر مظاہرین کو پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھائے ہوئے عسکری قیادت کو کھلے عام دھمکیاں دیتے دیکھا جا سکتا تھا جسے ڈیلیٹ کردیاگیا۔گزشتہ روز ایکس پر جاری بیان میں پی ٹی آئی یوکے نے کہا کہ اس نے ایک شہری کے عسکری قیادت کے خلاف بیان والی پوسٹ ہٹا دی ہے۔
اگرچہ ہمارا خیال نہیں کہ مذکورہ فرد نے تشدد پر اکسایا تاہم کسی بھی ممکنہ غلط فہمی سے بچنے اور فرد اور اس کے حقوق کے قانونی تحفظ کے پیشِ نظر احتیاطاً پوسٹ حذف کی گئی۔پی ٹی آئی یوکے نے الزام عائد کیا کہ اندرون و بیرونِ ملک پاکستانیوں کو بے مثال جبر کا سامنا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان معاملات کی تحقیقات کو ترجیح دے ،عمران خان اور بشریٰ خان کی طویل اور غیرانسانی قید کے باعث عوامی بے چینی میں اضافہ ہوا ہے ، جسے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے انسدادِ تشدد نے بھی تسلیم کیا ہے ۔