حالیہ فسادات میں ٹرمپ ذاتی طور پر ملوث :خامنہ ای
تہران(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی صدر ایران میں ہونے والے احتجاج کے اصل مجرم ہیں،حالیہ فسادات میں ٹرمپ ذاتی طور پر ملوث ہیں۔
خامنہ ای نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی صدر کو ان جانی و مالی نقصانات اور بہتان تراشی کے لیے قصوروار سمجھتا ہے ۔انہوں نے کہا حالیہ بغاوت کی منصوبہ بندی امریکا نے کی، منظم کارروائیوں کا مقصد ایران پر غلبہ پانا تھا۔ہنگاموں کے پیچھے موجود ملکی اور بین الاقوامی مجرموں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے فارسی زبان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرجاری ایک پیغام میں ایران کی جانب سے صدر ٹرمپ اور امریکا کے خلاف بیانات پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران امریکا کے اثاثوں پر حملہ کرے گا تو اسے ایک نہایت طاقتور ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا جیسا کہ صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ ان کے سامنے تمام آپشنز موجود ہیں۔پیغام کے ایک اور حصے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں اور دوبارہ خبردار کر رہے ہیں کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ کھیل نہ کھیلا جائے ۔تہران کے ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت میں سکول آج اتوار سے کھول دئیے جائیں گے۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔مانیٹرنگ گروپ نیٹ بلاکس نے بتایا کہ انٹر نیٹ کنکشن صرف 2 فیصد معمول کے لیول پر ہے اور فوری بحالی کا کوئی امکان نہیں۔ایران کے صوبے گیلان میں پولیس نے مجموعی طور پر 1500 سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس افسر حسین حسن پور نے کہا جو افراد تخریب کاری میں ملوث پائے گئے ہیں ان کی شناخت اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔لندن میں ایرانی سفارتخانے پر مظاہرے میں زخمی ہونے والے 4 پولیس افسروں کو ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ساؤتھ کنزنگٹن میں واقع سفارتخانے پر پرتشدد مظاہرے کے موقع پر 14 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔گرفتار افراد پر سفارتی مقام پر بغیر اجازت داخل ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔نیوزی لینڈ اور سلوواکیہ نے کہا کہ انہوں نے ایران میں بگڑتی سکیورٹی صورتحال کے باعث تہران میں اپنے سفارت خانے عارضی طور پر بند کر دئیے ہیں ۔