عالمی اقتصادی فورم:اسحاق ڈار وزیر خزانہ کی عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں
نائب وزیراعظم ترکیہ اور تھائی لینڈ کے وزرا خارجہ سے ملے ، مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا عزم اورنگزیب کی بل گیٹس سے ملاقات، نیسلے کا 6کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان،آذربائیجان کی کمپنی کا بھی عندیہ
ڈیووس (نیوز ایجنسیاں )نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور وزیر خزانہ اورنگزیب نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ۔ایکس پر جاری اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا میرے عزیز بھائی، ترک وزیرِ خارجہ حکان فدان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ امن بورڈ کے دستخطی تقریب کے آغاز سے قبل خوشگوار لمحات شیئر کیے ، نائب وزیراعظم نے لکھاکہ پاکستانی اور ترکیہ اقوام کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہے جو وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترا ہے ۔دریں اثنا اسحاق ڈار کی تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ سہاسک فوانگ کیٹ کیو سے ملاقات ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور زرعی شعبوں سمیت مختلف میدانوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ادھر دوسری جانب وزیرخزانہ نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پرمذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا قرض اگردرست جگہ استعمال ہو تو معیشت کیلئے نقصان دہ نہیں، پاکستان گرین پانڈا بانڈ کے ذریعے چینی مارکیٹ میں داخل ہونے کوتیار ہے ۔ وزیر خزانہ نے مائیکروسافٹ کے بانی اور گیٹس فانڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔بل گیٹس نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ موثر ٹیکس نظام طویل المدتی معاشی خود انحصاری کیلئے نہایت اہم ہے ۔دریں اثنا ورلڈ اکنامک فورم بزنس راؤ نڈ ٹیبل میں معروف کمپنی نیسلے نے پاکستان میں 6 کروڑ امریکی ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ،یہ اعلان وزیرخزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں عالمی سطح کی معروف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں اور سینئر قیادت نے شرکت کی۔نیسلے پاکستان کو علاقائی پیداوار اور برآمدی مرکز کے طور پر استعمال کرے گا، جہاں سے 26 ممالک کو مصنوعات برآمد کی جائیں گی۔ ادھر وزیرخزانہ سے ملاقات میں آذربائیجان کی 57 ارب ڈالر کے اثاثوں کی مالک سب سے بڑی سرکاری کمپنی سوکار نے پاکستان کے تیل و گیس شعبے میں سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا ہے ۔