مقبوضہ کشمیر:کئی علاقوں کا محاصرہ ،گھرگھرتلاشی ،انٹرنیٹ معطل
بھارتی فو ج نے ضلع کشتواڑ کے چھاترو بیلٹ میں 18جنوری سے محاصرہ کررکھاہے ڈوڈہ ، ادھمپور، پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع میں کارروائی، چھاپے بندکیے جائیں :میرواعظ
سری نگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر گھرگھر تلاشی کی کارروائیاں تیز کردی ہیں جس سے محکوم کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں ، پیرا ملٹری اور سپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروں نے ضلع کشتواڑکے چھاترو بیلٹ 18جنوری سے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر رکھا ہے اورمحاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے ، آپریشن کے دوران سنگھ پورہ، چنگام، چھاترو اور دیگر علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہیں۔بھارتی فورسز نے ڈوڈہ ، ادھمپور، پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع کے کئی علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی ۔ بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقوں میر گنڈ اور گنڈ خواجہ قاسم میں آزادی پسند تنظیم اتحاد المسلمین کے کارکنوں مجتبیٰ حسین وانی اور سید مظفر رضوی کے گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں مساجد، آئمہ کرام اور انتظامی کمیٹیوں کے حوالے سے بلاجواز معلومات طلب کی جا رہی ہیں جو ایک انتہائی تشویشناک معاملہ ہے ،یہ بے جا عمل فوری طور پر بند ہونا چا ہئے ۔