بھارت ایران کی بجائے وینزویلا سے تیل خریدے گا:ٹرمپ کا دعویٰ

بھارت ایران کی بجائے وینزویلا سے تیل خریدے گا:ٹرمپ کا دعویٰ

بھارت روسی تیل کی خریداری کچھ کم کر دیگا،ڈیل کے بنیادی معاملات طے ہو چکے چین کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں،ہمارا تیل پر بہت اچھا سودا ہو سکتا ہے :امریکی صدر

واشنگٹن(دنیا مانیٹرنگ)امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت نئی دہلی ایران کے بجائے امریکا سے وینزویلا کا تیل خریدے گا۔ایئر فورس ون پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کیساتھ یہ ڈیل پہلے ہی کر لی ہے ، بنیادی معاملات طے ہو چکے ہیں ۔وینزویلا اب امریکا کو بھاری مقدار میں تیل فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔صحافی کی جانب سے سوال پر کہ کیا چین وینزویلا کو تیل کے لیے ادا کی گئی رقم واپس لے پائے گا، ٹرمپ کا کہنا تھا مجھے اس بارے میں علم نہیں، لیکن میں آپ کو بتاتا چلوں کہ اگر چین آنا چاہے تو ہم خوش آمدید کہیں گے ،ہمارا تیل پر بہت اچھا سودا ہو سکتا ہے۔

ہم چین کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ چین بھی امریکا کے ساتھ ڈیل کر کے وینزویلا سے تیل خرید سکتا ہے ۔ٹرمپ کے اس دعوے پر انڈیا کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے ۔کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ایکس پر کہا ہے کہ ٹرمپ نے ہمیں بتایا کہ آپریشن سندور روک دیا گیا ہے ۔ انہوں نے ہمیں بتایا کہ انڈیا نے روسی تیل خریدنا بند کر دیا ہے اور اب انڈیا وینزویلا سے تیل خریدے گا۔صدر ٹرمپ ہمیں مسلسل اس بارے میں معلومات دے رہے ہیں کہ ہماری حکومت نے کیا کیا ہے یا کرنے والی ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کے تازہ بیانات امریکا اور بھارت کے مابین تعلقات میں بہتری کی عکاسی کرتے نظر آتے ہیں، جو گزشتہ سال سے تناؤ کا شکار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں