مقبوضہ کشمیر:ڈرون، سراغ رساں کتے ، ہیلی کاپٹر تعینات
کشتواڑ میں محاصرے ،تلاشی کی کارروائیاں جاری ،ڈولگام میں جھڑپ
سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیرکے ضلع کشتواڑ میں بڑے پیمانے پرمحاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں جہاں مسلح تصادم کے بعد قابض حکام نے ڈرون، سراغ رساں کتے اور ہیلی کاپٹر تعینات کردئیے۔ بھارتی فوج نے کشتواڑ کے علاقے ڈولگام میں برفباری میں جاری تلاشی کارروائی کے دوران حریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ کا دعویٰ کیا۔حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا ایک مختصر تبادلہ ہوا جس کے بعد آپریشن کو ایک مخصوص مقام تک محدود کر دیا گیااورعلاقے میں اضافی کمک پہنچائی گئی۔جھڑپ کے بعد پورے علاقے کا سخت محاصرہ کیا گیا، فضائی نگرانی اور زمینی ٹریکنگ کو تیز کیا گیا ہے ۔کے ایم ایس کے مطابق کشتواڑ بھارتی فورسز کی کارروائیوں کا مرکز بناہوا ہے جہاں گزشتہ سات ماہ کے دوران کم از کم چھ مسلح تصادم رپورٹ ہوئے ہیں۔